کراچی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ایک وفاقی حساس ادارے کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم ایس ایل اے کے دو مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت مدد علی عرف علی اور جنید علی عباسی کے نام سے ہوئی ہے، جن کے قبضے سے ایک تیار آئی ای ڈی اور ایک ہینڈ گرنیڈ برآمد کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گردوں کو کالعدم تنظیم کی جانب سے عسکری تربیت فراہم کی گئی تھی اور وہ کمانڈر دریا خان سے مسلسل رابطے میں تھے، جن کی ہدایت پر وہ کراچی پہنچے تھے۔ ملزمان نے قانون نافذ کرنے والے اداروں، بالخصوص رینجرز اور پولیس کے اہم دفاتر کی ریکی کر رکھی تھی اور وہ سندھ میں سیکیورٹی اداروں و اہلکاروں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
گرفتار ملزمان کے خلاف سی ٹی ڈی آپریشن تھانے میں دھماکا خیز مواد اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت دو الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور ان کے انکشافات کی روشنی میں دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔