غیر ملکی خاتون کی رقم ہڑپنے کے لیے ڈکیتی کا ڈرامہ رچانے والا اکاؤنٹنٹ گرفتار، 3 کروڑ 9 لاکھ روپے برآمد

image

گزری پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کی جھوٹی واردات کا ڈراپ سین کر دیا ہے اور رقم ہتھیانے کے لیے ڈرامہ رچانے والے نجی اکاؤنٹنٹ کو اس کے ساتھی سمیت گرفتار کر کے لوٹی گئی رقم برآمد کر لی ہے۔

12 نومبر 2026 کو حنیف نامی شہری نے پولیس مددگار 15 پر کال کر کے اطلاع دی کہ سلطان مسجد کے قریب موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح ملزمان اس سے 3 کروڑ 75 لاکھ روپے چھین کر فرار ہو گئے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی تھانہ گزری کی پولیس ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کر کے تفتیش کا آغاز کیا۔

ابتدائی تفتیش کے دوران پولیس کو مدعی حنیف کے بیانات میں واضح تضاد محسوس ہوا۔ تفتیشی عملے کو معلوم ہوا کہ ملزم ایک غیر ملکی خاتون کے پاس بطور اکاؤنٹنٹ ملازمت کرتا ہے اور ایچ بی ایل پلازہ سے رقم نکلوانے کے بعد خاتون کی جانب سے کسی ادائیگی کے سلسلے میں فیز 7 ایکسٹینشن جا رہا تھا۔ اس دوران غیر ملکی خاتون نے بھی اپنے ملازم کے مشکوک رویے کی نشاندہی کی، جس کے بعد پولیس نے حنیف کو حراست میں لے کر باقاعدہ پوچھ گچھ شروع کر دی۔

بینک ریکارڈ کی جانچ پڑتال سے یہ بات بھی سامنے آئی کہ بینک سے نکلوائی گئی اصل رقم 3 کروڑ 75 لاکھ نہیں بلکہ 3 کروڑ 9 لاکھ 76 ہزار 600 روپے تھی۔ سخت تفتیش کے دوران ملزم ٹوٹ گیا اور اس نے اعتراف کیا کہ اس نے رقم ہڑپ کرنے کی نیت سے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر ڈکیتی کا جھوٹا ڈرامہ رچایا تھا۔

پولیس نے گرفتار اکاؤنٹنٹ کی نشاندہی پر فوری چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے اس کے ایک شریکِ جرم ساتھی کو بھی حراست میں لے لیا اور ملزم کے گھر سے تمام رقم برآمد کر لی۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کے چند ہی گھنٹوں کے اندر کیس حل کر کے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور ان کے خلاف مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US