وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے پولیس لائن ہیڈکوارٹرز میں گریڈ 19 کے پولیس افسر اور ڈائریکٹر ایف آئی اے گوجرانوالہ زون محمد بن اشرف کی رہائش گاہ پر 13 سالہ گھریلو ملازمہ فاطمہ اصغر مبینہ تشدد کے باعث جاں بحق ہوگئی، جس کے بعد مقدمہ درج کرکے دو افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
واقعے کا مقدمہ تھانہ شمس کالونی میں مقتولہ کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جبکہ ایف آئی اے حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے محمد بن اشرف کو ڈائریکٹر ایف آئی اے گوجرانوالہ زون کے عہدے سے معطل کرکے ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز طلب کرلیا ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی معائنے کے دوران کم عمر بچی کے جسم پر مبینہ تشدد اور استری سے جلائے جانے کے نشانات پائے گئے ہیں۔ تفتیش کے دوران پولیس نے کمسن ملازمہ پر ڈنڈوں سے تشدد کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی ہے اور تشدد کے لیے استعمال ہونے والے ڈنڈے بھی برآمد کرلیے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے میں افشاں بی بی اور قاری علی رضا کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آنے پر پولیس نے نامزد ملزمہ سمیت دونوں افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس نے دونوں مبینہ ملزمان کو عدالت میں پیش کیا، جہاں عدالت نے انہیں چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے۔
پولیس کے مطابق شواہد اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی روشنی میں واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔