وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے سیکٹر ڈی 14 میں پولیس اور فوڈ اتھارٹی کی مشترکہ ٹیم نے غیر قانونی اور مضر صحت گوشت کی تیاری میں ملوث ایک نیٹ ورک کا سراغ لگاتے ہوئے 800 کلوگرام گوشت قبضے میں لے لیا ہے۔
تھانہ گولڑہ کے حدود میں واقع ایک گھر پر مارے گئے اس چھاپے کے دوران حکام کو گدھوں اور کتوں کا مبینہ گوشت ملا۔ تلاشی کے دوران احاطے سے 12 زندہ اور ایک مردہ گدھے سمیت پانچ کتے بھی برآمد ہوئے۔ اس کے علاوہ وہاں سے 21 کچھوے، ایک گیدڑ اور ایک زندہ پینگولین بھی بازیاب کرایا گیا، جبکہ اس تمام کاروبار یا گوشت کی ترسیل کے حوالے سے کوئی قانونی دستاویزات یا اجازت نامہ نہیں مل سکا۔
انتظامیہ نے برآمد ہونے والے گوشت کو فوری طور پر تلف کردیا ہے اور تمام زندہ جانوروں کو تحفظ کے لیے محکمہ وائلڈ لائف کے سپرد کردیا ہے۔ گھر کی تلاشی کے دوران ایک غیر ملکی باشندے کے پاسپورٹ اور ویزا سے متعلق دستاویزات بھی حکام کے ہاتھ لگی ہیں۔
چھاپے کے وقت عمارت میں کوئی ملزم موجود نہیں تھا جس کے باعث مکان کو سربمہر کردیا گیا ہے۔ فوڈ اتھارٹی کی شکایت پر نامعلوم افراد کے خلاف اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری اور نیٹ ورک کے دیگر ارکان تک پہنچنے کے لیے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔