زندگی کے آخری لمحات میں جب انسان خود دوسروں کی مدد کا محتاج ہوتا ہے چین کے ایک 83 سالہ ڈاکٹر کو اس وقت بھی اپنی بیمار بیٹی کی فکر تھی۔ کینسر اور کورونا وائرس کے باعث شدید کمزور ہونے کے باوجود انہوں نے آخری مرتبہ بیٹی کا علاج کرنے کی خواہش ظاہر کی، جسے پورا کرنے کے چند گھنٹوں بعد وہ انتقال کرگئے۔
یہ واقعہ چین کے صوبے شانشی سے تعلق رکھنے والے یانگ ژینیا کا ہے، جو تقریباً 60 سال سے روایتی چینی طریقہ علاج ایکیوپنکچر کے ذریعے مریضوں کی دیکھ بھال کر رہے تھے۔ اہلیہ کی وفات کے بعد انہوں نے نہ صرف اپنے بچوں کی پرورش کی بلکہ بڑھاپے میں پوتے پوتیوں کی ذمہ داریاں بھی نبھائیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یانگ ژینیا طویل عرصے سے سرطان میں مبتلا تھے اور کورونا وائرس نے بھی ان کی صحت کو مزید متاثر کیا تھا۔ اسی دوران ان کی سب سے چھوٹی بیٹی بھی کورونا کا شکار ہوگئی۔ اپنی نازک حالت کے باوجود بزرگ معالج کی خواہش تھی کہ وہ ایک مرتبہ پھر بیٹی کی تکلیف کم کرنے کی کوشش کریں۔
رپورٹس کے مطابق وہ اتنے کمزور ہوچکے تھے کہ بستر سے اٹھنا بھی مشکل تھا، تاہم انہوں نے بیٹی کو قریب بلایا اور اس کے ہاتھ پر ایکیوپنکچر کا عمل انجام دیا۔ والد کی حالت اور ان کی محبت دیکھ کر بیٹی جذبات پر قابو نہ رکھ سکی اور رونے لگی۔
اہلِ خانہ کے مطابق بزرگ ڈاکٹر ہمیشہ اپنے بچوں کو صحت مند اور خوش دیکھنا چاہتے تھے۔ آخری وقت میں وہ گھر والوں سے مزید کچھ دیر ساتھ رہنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے خود بھی آبدیدہ ہوگئے۔
یہ واقعہ 28 دسمبر 2022 کو پیش آیا، جب بیٹی کی دیکھ بھال کرنے کے تقریباً چار گھنٹے بعد یانگ ژینیا دنیا سے رخصت ہوگئے۔ ان کی پوتی نے اس یادگار لمحے کی ویڈیو چینی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ڈوئن پر شیئر کی، جس نے ہزاروں صارفین کو متاثر کیا۔
جنوری 2023 میں سامنے آنے والی اس کہانی پر لوگوں نے بزرگ معالج کی اپنی اولاد سے محبت کو سراہتے ہوئے کہا کہ والدین کی فکر اور شفقت زندگی کے آخری وقت تک برقرار رہتی ہے۔