موت سے دو دن پہلے کینسر میں مبتلا طالبہ کی آخری خواہش پوری، اسپتال میں سجی کلاس

image

چین میں خون کے سرطان سے لڑنے والی 18 سالہ طالبہ کی زندگی کے آخری دنوں کی ایک افسوسناک کہانی سامنے آئی ہے۔ پانچ سال تک بیماری کا مقابلہ کرنے والی یاؤ ینگ بے کی خواہش تھی کہ وہ ایک بار پھر اپنے دوستوں کے ساتھ بیٹھ کر پڑھائی کرے۔ اس کی یہ خواہش موت سے صرف دو دن پہلے پوری کر دی گئی۔

چینی صوبے گوئی ژو سے تعلق رکھنے والی یاؤ ینگ بے نویں جماعت میں زیرِ تعلیم تھی۔ اسے پانچ سال قبل بلڈ کینسر کی تشخیص ہوئی، جس کے بعد علاج کے طویل مراحل نے اس کی تعلیم کو بری طرح متاثر کیا۔ گھر والوں نے اسے صحت یاب کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی، یہاں تک کہ اس کی چھوٹی بہن کے اسٹیم سیلز کی مدد سے پیوند کاری بھی کروائی گئی۔

علاج کے بعد کچھ عرصے کے لیے اس کی حالت سنبھل گئی اور وہ دوبارہ اسکول جانے لگی، لیکن تین ماہ قبل مرض نے ایک مرتبہ پھر شدت اختیار کرلی۔ مختلف اسپتالوں میں علاج کے باوجود حالت بہتر نہ ہوئی تو والدین اسے آبائی علاقے کے اسپتال منتقل کر گئے۔

اس مشکل وقت میں اس کے اساتذہ اور دوست مسلسل اس کی خیریت دریافت کرنے آتے رہے۔ زندگی کے آخری ہفتے میں طالبہ نے اپنی ٹیچر سے کہا کہ وہ اپنے ہم جماعتوں کے ساتھ ایک مرتبہ پھر کلاس میں بیٹھنا چاہتی ہے۔

یہ بات سن کر اسکول انتظامیہ نے اسپتال کے ایک کمرے کو عارضی کلاس روم میں بدل دیا۔ وہاں غبارے اور ٹیڈی بیئرز رکھے گئے، جبکہ انگریزی کی استاد نے بچوں کو آثارِ قدیمہ اور عجائب گھروں سے متعلق سبق پڑھایا۔ سب کو ہدایت کی گئی کہ وہ معمول کے اسکول جیسا ماحول برقرار رکھیں۔

شدید بخار، جسمانی تکلیف اور ناک سے خون آنے کے باوجود یاؤ ینگ بے نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ پڑھائی میں حصہ لیا۔ وہ چند لمحوں کے لیے دوبارہ اسی تعلیمی ماحول کا حصہ بن گئی جس سے بیماری نے اسے طویل عرصے تک دور رکھا تھا۔

تاہم یہ خوشی زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خصوصی کلاس کے صرف دو روز بعد، 7 نومبر کو یاؤ ینگ بے انتقال کر گئی۔ اساتذہ اور ہم جماعتوں کی کوششوں نے اس کی زندگی کی آخری خواہش پوری کر دی اور اسے اپنے دوستوں کے ساتھ ایک آخری یادگار دن گزارنے کا موقع ملا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US