بھارتی ریاست مہاراشٹر سے تعلق رکھنے والے دو سالہ بچے رودرانش سنگھ ٹھاکر کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اس کی قسمت بدل گئی ہے اور ایک مقامی شوروم کے مالک نے اس کی گریجویشن تک مفت تعلیم کے تمام اخراجات اٹھانے کا اعلان کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 9 نومبر کو رودرانش اپنے والدین اور بڑی بہن کے ہمراہ نیا اسکوٹر خریدنے کے لیے ایک گاڑی ساز کمپنی کے شوروم گیا تھا، جہاں چشمہ پہنے اور جیبوں میں ہاتھ ڈالے اس کے منفرد اور پراعتماد انداز میں کھڑے ہونے کی ویڈیو بنائی گئی۔
انٹرنیٹ پر شیئر ہوتے ہی یہ ویڈیو مقبولیت کی بلندیوں پر پہنچ گئی جسے اب تک 137 ملین سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے جبکہ اس پر 68 ہزار سے زیادہ تبصرے بھی سامنے آئے ہیں۔
ویڈیو کی غیر معمولی مقبولیت نے متعلقہ شوروم کے مالک کی توجہ بھی حاصل کر لی، جنہوں نے بچے اور اس کے خاندان کو مدعو کر کے اعلان کیا کہ وہ رودرانش سے محبت کے اظہار کے طور پر اس کے کے جی ون سے لے کر گریجویشن تک کے تمام تعلیمی اخراجات خود برداشت کریں گے۔
اس اعلان پر رودرانش کی والدہ نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جانب سے ملنے والی بے پناہ محبت اور بیٹے کے روشن مستقبل کے لیے یہ تعاون ان کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین نے بچے کے منفرد انداز کو سراہتے ہوئے اسے ’آورا کِڈ‘ اور ’ننھا ڈان‘ جیسے القابات دیے ہیں جبکہ کئی صارفین نے ازراہِ تفنن اسے کمپنی کا نیا چیئرمین بھی قرار دیا ہے۔