امتحان یا قومی ایمرجنسی؟ جنوبی کوریا میں 35 منٹ کے لیے آسمان بھی خالی کرا لیا گیا!

image

جنوبی کوریا میں طلبہ کے امتحان کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ انگریزی کا پیپر شروع ہوتے ہی پورے ملک کی فضائی ٹریفک 35 منٹ کے لیے معطل کردی گئی یہاں تک کہ ہوائی جہازوں کو بھی شور کرنے کی اجازت نہ رہی!

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی کوریا کے سالانہ یونیورسٹی انٹری ٹیسٹ ’سوننگ‘ کے دوران دوپہر 1 بج کر 5 منٹ سے 1 بج کر 40 منٹ تک تمام ہوائی اڈوں پر پروازوں کی ٹیک آف اور لینڈنگ روک دی گئی۔

اس دوران طلبہ انگریزی کا لسننگ ٹیسٹ دے رہے تھے جس میں آڈیو سن کر سوالات حل کرنا ہوتے ہیں۔ طلبہ کی توجہ متاثر ہونے سے بچانے کے لیے فضائی حدود میں غیر معمولی پابندیاں عائد کی گئیں اور پہلے سے فضا میں موجود طیاروں کو کم از کم 10 ہزار فٹ کی بلندی پر رہنے کی ہدایت کی گئی۔

لیکن حیرانی صرف یہیں ختم نہیں ہوتی! امتحان کے دن سرکاری دفاتر، بینک اور اسٹاک مارکیٹ بھی ایک گھنٹہ تاخیر سے کھولے گئے، تعمیراتی کام روک دیا گیا، ٹرینوں کی رفتار کم کردی گئی اور ڈرائیوروں کو ہارن بجانے سے منع کردیا گیا۔

امتحانی مراکز پہنچنے میں تاخیر کا شکار طلبہ کی مدد کے لیے پولیس کی خصوصی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بھی تعینات کی گئیں۔

جنوبی کوریا میں تقریباً 8 گھنٹے جاری رہنے والا یہ امتحان طلبہ کے مستقبل، اعلیٰ یونیورسٹی میں داخلے اور بہتر ملازمت کے لیے انتہائی اہم سمجھا جاتا ہے۔

یعنی کہیں امتحان کے دوران موبائل فون بند ہوتے ہیں اور جنوبی کوریا میں پورے ملک کا شور ہی بند کردیا جاتا ہے!


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US