چین کے صوبے ہونان کی فینگ ہوانگ کاؤنٹی سے تعلق رکھنے والی 14 سالہ لانگ شائی نے اپنی بہادری اور حاضر دماغی سے دو ننھے بچوں کی جان بچا کر انسانیت کی مثال قائم کردی۔
یہ واقعہ 24 جون کو پیش آیا جب لانگ شائی بخار کے باعث اسکول سے چھٹی لے کر گھر لوٹ رہی تھی۔ راستے میں اسے ایک مکان سے گہرا سیاہ دھواں اٹھتا دکھائی دیا، تاہم بچوں کے رونے کی آواز سن کر وہ فوراً اس مکان کی جانب بڑھی۔
گھر کے اندر آگ تیزی سے پھیل رہی تھی اور وہاں کوئی بڑا موجود نہیں تھا۔ چار سالہ بچی ایک کونے میں خوفزدہ کھڑی تھی جبکہ اس کا دو سالہ بھائی بستر پر بیٹھا رو رہا تھا۔ طالبہ نے فوری طور پر چھوٹے بچے کو گود میں اٹھایا اور بچی کا ہاتھ پکڑ کر دونوں کو محفوظ مقام پر پہنچا دیا۔
واقعے کے بعد لانگ شائی نے اپنی والدہ کو پیغام بھیجا کہ ’ماں! میں نے دو بچوں کی جان بچائی ہے۔‘ اس نے جائے وقوعہ کی ویڈیو بھی گھر والوں کو بھیجی، جسے دیکھ کر اس کی والدہ شدید پریشان ہوگئیں۔
والدہ نے بیٹی کو نصیحت کی کہ دوسروں کی مدد کرتے وقت اپنی حفاظت کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آگ کی شدت دیکھ کر ان کا جسم کانپنے لگا تھا۔
بچوں کے والد حادثے کے وقت کام پر موجود تھے اور انہیں فون کے ذریعے اطلاع ملی۔ بعدازاں اہل خانہ نے طالبہ کی بہادری کا اعتراف کرتے ہوئے اسے اظہار تشکر کے طور پر ایک خصوصی سرخ بینر پیش کیا۔
یہ واقعہ اس وقت منظر عام پر آیا جب نومبر 2026 میں لانگ شائی کے خاندان نے اس کی بہادری کے اعتراف میں مقامی ایوارڈ کے لیے درخواست جمع کروائی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ کم عمری میں غیرمعمولی حوصلے کا مظاہرہ کرنے والی لانگ شائی مستقبل میں فوج میں شامل ہونے کی خواہش رکھتی ہے۔