سورۃ یٰسین کی تلاوت کرتے ہوئے محمود اسلم آبدیدہ، ’درِ نجات‘ کے کس منظر نے ناظرین کو رُلا دیا؟

image

”محمود اسلم کی تلاوت نے مجھے اندر سے توڑ کر رکھ دیا۔“

کسی نے بیلا کے والد کے ساتھ خود بھی رونے کا ذکر کیا تو کسی نے ان کی آواز میں چھپے درد کو ایک بے بس باپ کے جذبات کی بہترین عکاسی قرار دیا۔

پاکستانی ڈرامہ سیریل ’درِ نجات‘ کی 35ویں قسط کے ایک جذباتی منظر نے ناظرین کے دلوں کو چھو لیا، جس میں سینئر اداکار محمود اسلم سورۃ یٰسین کی تلاوت کرتے ہوئے اپنے جذبات پر قابو نہیں رکھ پاتے اور آبدیدہ ہوجاتے ہیں۔

ڈرامے کی حالیہ اقساط میں خوش بخت عرف بیلا کی ماضی کی زندگی دکھائی جا رہی ہے، جس نے اپنے گھر والوں کی مرضی کے خلاف امان سے شادی کی تھی اور اب اپنے فیصلے کے نتائج بھگت رہی ہے۔

حالیہ قسط میں بیلا کے والد سورۃ یٰسین کی تلاوت کے دوران جب آیت ’سَلَامٌ قَوْلًا مِّنْ رَّبٍّ رَّحِيمٍ‘ پڑھتے ہیں تو ان کی آواز بھر آتی ہے اور آنکھوں سے آنسو بہنے لگتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ناظرین محمود اسلم کی جاندار اداکاری کی بھرپور تعریف کر رہے ہیں۔ بعض صارفین کا کہنا ہے کہ ابوبکر کو اپنے نانا کی اچھی خصوصیات ورثے میں ملی ہیں، جبکہ کچھ صارفین نے ہدایت کاری کو سراہتے ہوئے اس بات کی نشاندہی کی کہ تلاوت کے دوران لفظ ’مجرمین‘ آنے پر کیمرے کا رخ بیلا کی جانب کردیا گیا۔

واضح رہے کہ عمیرہ احمد کے تحریر کردہ اور ثاقب خان کی ہدایت کاری میں بننے والے ڈرامے ’درِ نجات‘ میں درفشاں سلیم، سحر ہاشمی، شہریار منور اور نامیر خان اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق یہ ڈرامہ مختلف پلیٹ فارمز پر مجموعی طور پر 2 ارب سے زائد ویوز حاصل کر چکا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US