کروناوائرس: مریضوں کو ڈاکٹر اور ڈاکٹروں کو روبوٹ بچائیں گے

دنیا بھر میں کرونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات اٹلی میں ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد ہر طرف خوف پھیل گیا اور اٹلی کو یورپ میں کرونا وائرس کا مرکز قرار دیا گیا، اب وہاں شدید بخار میں مبتلا افراد کی نبض چیک کرنے اور ڈاکٹروں کی مدد کیلئے روبوٹس تیار کرلئے گئے ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے  کے مطابق اٹلی میں ڈاکٹروں اور نرسوں نے کرونا وائرس کے مریضوں کو چیک کرنے والے روبوٹس کی آمد پر خوشی کا اظہار کیا ہے کیونکہ اس سے ان کی اپنی جان کی حفاظت یقینی بنانے میں بھی مدد ملے گی۔

اٹلی میں اب تک کرونا وائرس سے 14 ہزار 600 سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ متاثرین کی تعداد بھی ایک لاکھ سے زائد ہے، ہزاروں افراد زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اٹلی کی میڈیکل ایسوسی ایشن نے جمعہ کو بتایا کہ ملک میں 21 فروری کو کرونا وائرس سے ہونے والی پہلی ہلاکت کے بعد ڈاکٹرز اور طبی عملے کے 70 ارکان مختلف وجوہات کی بنا پر زندگیوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔

اٹلی کے مختلف شہروں میں اسپتالو میں روبوٹس تعینات کردیئے گئے ہیں، جن میں کچھ سفید رنگ کے ہیں اور ان کے سروں میں سنسرز نصب ہیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ  روبوٹس کے آنے سے نوجوان مریضوں کے چہرے پر مسکراہٹ بھی آگئی ہے لیکن ان روبوٹس کو لانے کا اصل مقصد ڈاکٹروں میں وباء کو پھیلنے سے روکنا اور ان کی زندگیاں بچانا ہے۔

سِرکولو اسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ کے ڈائریکٹر فرانسسکو دینتالی کا کہنا ہے کہ روبوٹس نہ تھکنے والے ساتھی ہیں جو وباء سے متاثر بھی نہیں ہوتے، اٹلی میں ڈاکٹرز اور نرسز اس وباء سے بہت زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان مشینوں کی ریڈنگ سے ڈاکٹرز اور طبی عملے کے دیگر ارکان کو یہ مدد ملتی ہے کہ وہ انتہائی نگہداشت کے یونٹس سے باہر رہ کر الگ کمرے میں کمپیوٹر کی اسکرین پر مریض کی نگرانی کریں۔

اٹلی میں ہلاکتوں کی ظاہر شدہ تعداد پر بھی شبہ کیا جارہا ہے، ڈاکٹرز کہتے ہیں کہ مجموعی تعداد سے دوگنی ہوسکتی ہے جبکہ لاک ڈاؤن مزید طویل بھی ہوسکتا ہے۔


 

WATCH LIVE NEWS

Samaa News TV PTV News Live Express News Live 92 NEWS HD LIVE Pakistan TV Channels

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

29