تحریک انصاف کی وجہ سے پاکستان گرے لسٹ میں نہیں گیا، عمران خان

اسلام آباد: (16 ستمبر 2020) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی وجہ سے پاکستان گرے لسٹ میں نہیں گیا۔ اپوزیشن نے فیٹف قانون سازی کو کرپشن کیسز سے بچانے کیلئے استعمال کیا۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اتحادی پارٹی ارکان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ آج ہمارے لیے بڑا اہم دن تھا، گرے لسٹ ہمیں وراثت میں ملی۔ بلیک لسٹ میں گئے تو پاکستان پر پابندیاں لگ سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے باعث بلیک لسٹ میں گئے تو سارا دباؤ روپے پر پڑے گا۔ تحریک انصاف کی وجہ سے پاکستان گرے لسٹ میں نہیں گیا۔ موجودہ حالات میں امید تھی کہ اپوزیشن فیٹف قانون سازی میں ساتھ دے گی۔ یہاں بتاتا چلوں کہ ساری اپوزیشن بری نہیں ہے۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان کی بہتری کی ان کے لیڈروں کو کوئی فکر نہیں، قانون سازی کے دوران ہر قسم کی بلیک میلنگ کی کوششیں کی گئیں۔ اپوزیشن کی 34 ترامیم کا مطلب نیب کو دفن کردو۔ اپوزیشن نے فیٹف قانون سازی کو کرپشن کیسز سے بچانے کیلئے استعمال کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ منی لانڈرنگ پاکستان نہیں پوری دنیا کا ایشو ہے۔ پیسہ لوٹنے والے منی لانڈرنگ کر کے پیسہ باہر بھیج دیتے ہیں۔ بھارت میں اربوں لوٹنے والے بھی لندن بیٹھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر سال ایک ہزار ارب ڈالرز غریب ممالک سے امیر ممالک میں منی لانڈرنگ کر کے بھیجے جاتے ہیں۔ اسی طرح مے فیئر میں فلیٹ خریدے جاتے ہیں۔ ان ہی پیسوں سے اسپتال بنائے جاسکتے ہیں، ٹی ٹیز کیس، پورا ایک منی لانڈرنگ کا ایک ریکٹ ہے۔

عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن نے کہا کہ منی لانڈرنگ کو نیب قانون سے نکال دو، اگر انہوں نے منی لانڈرنگ نہیں کی تو اپوزیشن کو کیوں اتنی فکرہے؟ ہمیں توکوئی فکرنہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ امریکی رپورٹ کے مطابق 10 ارب ڈالرز کی پاکستان سے منی لانڈرنگ ہوتی ہے۔ اگر ہم منی لانڈرنگ ہی روک لیتے تو پاکستان کو قرضے نہ لینے پڑتے۔ حالانکہ ہمیں آئی ایم ایف سے 6ارب ڈالر کا قرض لینا پڑ رہا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ جب یہ پیسہ بیرون ملک جاتا تھا اقتدار میں رہنے والوں نے کسی نے نہیں روکا۔ پاناما کیس کی وجہ سے میرے خلاف سیاسی مقدمہ بنایا گیا۔ میں نے چالیس سال کی منی ٹریل دی۔

 موٹروے زیادتی کیس کے حوالے سے پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس واقعے کے بعد بچوں کے ساتھ کیا گزری ہوگی؟ ریپ کے واقعات روکنے کیلئے قانون سازی کرنا چاہتے ہیں۔ اس واقعے کے مرکزی ملزم عابد نے پہلے بھی گینگ ریپ کیے۔ اس واقعے سے موٹروے سانحے سے پورا ملک ہل گیا۔ جب سے یہ حادثہ ہوا، سوچ رہے ہیں کہ بہترین قانون سازی کی جائے۔ ایسی قانون سازی کرنا چاہتے ہیں جس سے خواتین اور بچوں کو تحفظ مل سکے۔

عمران خان نے کہا کہ عبرتناک سزاؤں کے حوالے سے بل تیار ہو رہا ہے۔ بل کو چند دنوں میں پیش کریں گے۔ ایک ملزم کو پکڑ لیا، دوسرے کو بھی پکڑلیں گے۔

کورونا وائرس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن مجھے مودی کی طرح لاک ڈاؤن کا مشورہ دے رہی تھی۔ اپوزیشن کو کورونا سے نکلنے پر تھوڑی سی تو تعریف کرنی چاہیے تھی۔

وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ عالمی ادارہ صحت بھی کہہ رہا ہے کہ کورونا پالیسی پاکستان سے سیکھنی چاہیے۔ پاکستان میں کیسز بھی کم اور اکانومی بھی بچالی۔ اپوزیشن کا آج رویہ دیکھا جو میرے خدشات تھے وہ کنفرم ہوگئے۔


 

WATCH LIVE NEWS

Samaa News TV PTV News Live Express News Live 92 NEWS HD LIVE Pakistan TV Channels

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

133