جماعت اسلامی کا اسلام آباد ایکسپریس وے پر احتجاجی دھرنا جاری، ’ہم آگئے ہیں‘

image

جماعت اسلامی نے اسلام آباد کے ڈی چوک پر دھرنے کی اجازت نہ ملنے کے بعد اب زیرو پوائنٹ اسلام آباد ایکسپریس وے پر دھرنا دینے کا اعلان کر دیا ہے۔جس کے بعد ملک کے مختلف شہروں سے کارکنان زیرو پوائنٹ پہنچ گئے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں مرکزی قافلہ بھی زیرو پوائنٹ ایکسپریس وے پر پہنچ چُکا ہے جبکہ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا اور پنجاب کی صوبائی قیادت کی سربراہی میں بھی مختلف قافلے اسلام آباد ایکسپریس وے پر پہنچے ہیں۔

زیرو پوائنٹ پہنچ کر کارکنان سے اپنے ابتدائی خطاب میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم نے اسلام آباد آنے کا کہا تھا اور ہم آ گئے ہیں۔ اب ہم نے اس تحریک میں پرامن رہنا ہے۔ ’حکومت کو آئی ئی پی پیز کو بند کرنا ہو گا، نہیں تو دھرنا ہو گا۔ تمام قافلوں کے زیرو پوائنٹ پہنچے کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا ارکان ہو گا۔‘

جماعت اسلامی کو لیاقت باغ میں دھرنے کی اجازت دی گئی تھی: وزیر اطلاعات 

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی قیادت ہمارے لیے قابل احترام ہے۔اُنہیں لیاقت باغ میں دھرنے کی اجازت دی گئی تھی۔حافظ نعیم دور اندیش سیاست دان ہیں، انہوں نے ہمیشہ دانشمندی کا مظاہرہ کیا ہے۔

’جماعت اسلامی کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں‘

عطا تارڑ نے اپنی گفتگو کے دوران مزید کہا کہ جماعت اسلامی سے بات چیت کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ’ہم پرامن فضا چاہتے ہیں، ایجی ٹیشن کی سیاست سے ہٹ کر ہم سے مل بیٹھ کر بات کریں۔ جماعت اسلامی کے ساتھ اچھے ماحول میں بات کرنا چاہتے ہیں۔‘

اُن کا کہنا تھا کہ جگہ جگہ پر دھرنوں سے شہریوں کی زندگی مشکل کا شکار ہو گی۔ ملک کی بہتری اور سالمیت کے لیے جماعت اسلامی پرامن جلسہ کرے۔

ہم عوام کے لیے دھرنا دے رہے ہیں: امیر جماعت اسلامی

جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے 26 نمبر چونگی کے مقام پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں سے جماعت اسلامی کے کارکنان کی گرفتاریوں کی مذمت کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’جماعت اسلامی عوام کے لیے باہر نکل رہی ہے۔ہر صورت میں دھرنا ہو کر رہے گا۔‘

جماعت اسلامی کے کارکنان بڑی تعداد میں زیرو پوائنٹ پر پہنچ گئے ہیں (فوٹو: ویڈیو گریب)زیرو پوائنٹ پر جماعت اسلامی کے کارکنان کی بڑی تعداد موجود 

جماعت اسلامی کی جانب سے کارکنان کے لیے زیرو پوائنٹ جمع ہونے کی کال کے بعد بڑی تعداد میں جماعت اسلامی کے کارکنان زیرو پوائنٹ پر پہنچ گئے ہیں۔ ان کارکنان میں راولپنڈی اسلام آباد سمیت پنجاب اور خیبرپختونخوا سے آئے ہوئے لوگ بھی شامل ہیں۔

اسلام آباد پولیس نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر شہر کے مختلف مقامات بالخصوص ڈی چوک سے درجنوں کی تعداد میں جماعت اسلامی کے کارکنان کو گرفتار کیا ہے۔

دستیاب اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد سے 31 سے زائد کارکنان کو گرفتار کر کے متعلقہ تھانوں میں منتقل کیا گیا ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.