جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور 7 افراد زخمی ہوگئے، تین گاڑیاں اور چار موٹرسائیکلیں تباہ ہوگئیں۔ دھماکے کے بعد پولیس اور رینجرز کی نفری اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جبکہ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔
جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب ہونے والے دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، دھماکے کے بعد اطراف کھڑی گاڑیوں میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں تین کاریں اور چار موٹرسائیکلیں تباہ ہوگئیں جبکہ ایک پولیس موبائل کو بھی نقصان پہنچا۔
دھماکے کے بعد پولیس اور رینجرز کی نفری اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جبکہ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے میں 8 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں ایک شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا، زخمی ہونے والوں میں دو رینجرز اہلکار، ایک پولیس اہلکار اور تین سیکیورٹی گارڈ شامل ہیں۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس چیف سے رپورٹ طلب کرلی اور کہا ہے کہ دھماکے کی نوعیت کے بارے میں تفصیلی آگاہی دی جائے، وزیراعلیٰ نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کے بھی احکامات دیے ہیں۔