اسلام آباد: سال 2024 کے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی توسیع شدہ ڈیڈ لائن میں صرف 5 دن باقی ہیں۔
فیڈر بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے نان فائلرز کے خلاف قانونی کارروائی کی وارننگ جاری کردی گئی۔ ایک ہفتے کے دوران مزید 3 لاکھ 92 ہزار سے زائد افراد نے اپنے ٹیکس ریٹرنز فائل کر دیئے۔
ایف بی آر کے اعداد و شمار کے مطابق ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد 40 لاکھ 30 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ اور 105 ارب روپے سے زیادہ کا ٹیکس بھی جمع ہو چکا ہے۔
گزشتہ سال کی نسبت اس سال ٹیکس ریٹرنز فائل کرنے والوں کی تعداد میں 19 لاکھ 74 ہزار 344 کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ یکم جولائی سے اب تک 3 لاکھ 92 ہزار 884 نئے افراد نے بھی ٹیکس نظام میں رجسٹریشن کرائی ہے۔ 14 لاکھ 80 ہزار 545 افراد نے اپنی قابل ٹیکس آمدن صفر ظاہر کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہڑتال کی وجہ سے 190ارب روپے روزانہ کا نقصان ہوتا ہے، وزیر خزانہ
ترجمان ایف بی آر نے خبردار کیا ہے اگر 14 اکتوبر تک نان فائلرز نے گوشوارے جمع نہیں کرائے۔ تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ جبکہ ان کے جائیداد اور گاڑی خریدنے پر پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔
ایف بی آر کے مطابق نان فائلرز کے بیرون ملک سفر کرنے پر پابندی، موبائل سمز کی بندش اور بجلی کے کنکشن منقطع کرنے کا بھی آپشن موجود ہے۔