“دی مارشل آرٹسٹ” پاکستانی اداکاروں کی پہلی بین الاقوامی فلم

image

” دی مارشل آرٹسٹ ” پاکستانی اداکاروں کی پہلی بین الاقوامی فلم 31 جنوری کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

ڈرامہ سیریل پرواز ہے جنون، یقین کا سفر، فلم مور اور دوبارہ پھر سے دیکھنے والے یقیناً شاز خان کے نام اور کام سے واقف ہوں گے۔ جنہوں نے اپنے ہر کردار کو کچھ اس طرح سے ادا کیا۔ کہ لوگوں کے ذہنوں میں نقش ہوکر رہ گیا۔

ان ڈراموں کے مقبول اور باصلاحیت فنکار شاز خان اس بار نہ ہوائی جہاز اڑا رہے ہیں۔ اور نہ ہی وکالت کرتے نظر آرہے ہیں۔ بلکہ اس بار وہ انتہائی منفرد انداز میں کھیل کے میدان میں اترے لوگوں کا دل جیتنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

یقینا آپ سمجھ گئے ہوں گے کہ ہم شاز خان کی آنے والی فلم “دی مارشل آرٹسٹ”کی بات کر رہے ہیں۔ یہ فلم ہم فلمز کے بینر تلے 31 جنوری کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

یاد رہے کہ “دی مارشل آرٹسٹ” پاکستان کے نمایاں اداکاروں پر مشتمل پہلی بین الاقوامی فلم ہے۔ جو مقامی سطح پر نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہے۔ شاز خان اس فلم کے ڈائریکٹر بھی ہیں۔ جبکہ پروڈیوسرز میں شاز خان، شیراز خان، ول لیوری اور فاران طاہر شامل ہیں۔

فلم کے رائٹر مائیکل روز البرٹ اور شاز خان جبکہ نمایاں ستاروں میں شاز خان، فاران طاہر، صنم سعید، سمیر خان، لز فیننگ، بابر پیرزادہ اور ہرب ڈین سمیت دیگر شامل ہیں۔

اس فلم کے لیے شاز خان نے سخت محنت کی ہے۔ جو ایک ایم ایم اے فائٹر کا کردار نبھا رہے ہیں۔

انہوں نے کیلی فورنیا میں معروف کوچ ایم ایم اے چیمپئین رافائل کورڈیرو کی سربراہ میں مارشل آرٹس کی ٹریننگ بھی حاصل کی۔ جبکہ انہوں نے مارشل آرٹس میں باکسنگ، جیو، جتسو اور موئے تھائی کی تربیت بھی حاصل کی۔

یہ بھی پڑھیں: خود پنجابی ہوں اور مجھے پنجاب سے پیار ہے، بشری انصاری

فلم میں سینئر اداکار نعیم طاہر اور یاسمین طاہر کے صاحبزادے فاران خان بھی اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ جو گزشتہ تین دہائیوں سے امریکی ٹی وی اور ہالی وڈ میں آئرن مین میں ولن،چارلی ولسنز وار میں پاکستانی فوجی، اسٹار ٹریک میں کیپٹن، ایلیزیم میں صدر اور ایسکیپ پلان میں آرنلڈ شوارزنیگر اور سلوسٹر اسٹیلون کے لیے جان دینے والے جاوید کے کردار سمیت لاتعداد کردار ادا کر چکے ہیں۔

فاران طاہر ہالی وڈ کی فلم”دی ونڈو” کے کو پروڈیوسر بھی ہیں جبکہ مذکورہ فلم “دی مارشل آرٹسٹ” میں بھی مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔

فنکارہ صنم سعید نے فلم بچانا، ماہ میر، رحم، آزاد، دوبارہ پھر سے اور کیک میں بھی بہترین اداکاری کا مظاہرہ کیا۔ جبکہ انہیں شہرت ہم ٹی وی کے ڈرامے “زندگی گلزار ہے” سے بین الاقوامی شہرت حاصل ہوئی۔ ہر دلعزیز فنکارہ صنم سعید فلم میں شاز خان یعنی ایبے کی اہلیہ کا کردار ادار کر رہی ہیں۔

دی مارشل آرٹسٹ کی سنسنی خیز کہانی کے مرکزی کردار شاز خان بحیثیت ایبے کیلی فورنیا میں مارشل آآرٹ کا ایک کھلاڑی ہے۔ جو ایک مقامی فائیٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر کے لوگوں کی نظروں میں  آجاتا ہے۔ جس کے بعد اسے دنیا کی سب سے بڑی پروموشن کمپنی ایک بہت بڑی آفر کرتی ہے۔ جس کے ذریعے اسے مارشل آرٹ کے کھیل کے سرفہرست ترقی پذیر کھلاڑیوں کی صف میں شامل ہونے کا موقع میسر آسکتا تھا۔ لیکن اس کے ساتھ دھوکہ ہوتا ہے جو اسے مکمل طور پر توڑ دیتا ہے۔

حالات کا رخ کچھ اس طرح سے بدلتا ہے کہ اسے چند گھریلو مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس پر منکشف ہوتا ہے کہ اس کے باپ کو قتل کیا گیا ہے۔ جس کی وجہ جاننے کے لیے وہ اپنے وطن کا سفر کرتا ہے۔

اس سفر میں بے شمار مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ “وہ پاکستان کی گلی کوچوں میں اپنے سوالوں کے جواب کے حصول کے لیے سرگرداں پھرتا ہے۔ لیکن کیا اسے اپنے باپ کے قاتلوں اور قتل کی وجوہات کا علم ہوپاتا ہے”۔ یہ جاننے کے لیے تو آپ کو فلم دیکھنا ہو گی۔ جو 31 جنوری کو ملک کے سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہے۔

اس فلم کی کہانی جاندار، مکالمے شاندار اور مناظر مسحور کن ہیں۔ فلم کی سینما ٹو گرافی دیکھنے والوں کو ایک نئی دنیا کے سفر میں لے جائے گی۔ ایبی کے سفر کو نہایت تفصیل سے دکھایا گیا ہے۔ فلم کے اختتام میں دکھائے گئے مایا مندروں کے علاوہ ایک حیرت انگیز سیکوئنس ڈیتھ ویلی، کیلیفورنیا کے پس منظر پر مبنی ہے جہاں ایبی دوسرے کرداروں کے ساتھ تربیت حاصل کرتا ہے۔

پاکستان کے پرسکون گاؤں کے مناظر کو بھی نہایت مہارت سے عکس بند کیا گیا ہے ۔

اگرآپ مارشل آرٹس کے شوقین ہیں تو یہ فلم آپ کے لیے کسی تحفے سے کم نہیں۔ فلم کا ٹریلر اسے ایک اچھی مارشل آرٹ فلم ثابت کررہا ہے۔ ایک مختلف موضوع پر بنائی گئی یہ فلم یقینا دیکھنے والوں پر اپنا بھرپور اثرات مرتب کرے گی۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.