فیصل آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ملک میں نفرت کی سیاست کا خاتمہ کرنا ہو گا۔
وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ خدمت کی سیاست کی ایک چھوٹی نشانی ہے۔ اور فیصل آباد میں خدمت کے نشانات میری پارٹی کے لگائے ہوئے ہیں۔ فیصل آباد میں روڈ کو کشادہ اور اسپتال بنائے گئے اور اس شہر کے دونوں اطراف سے موٹرویز گزر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خدمت کی سیاست کو جاری رہنے دیا جاتا تو پاکستان ترقی یافتہ 20 ممالک میں شامل ہوتا۔ اور فیصل آباد میں خدمت کی سیاست کے نشانات میری جماعت کے مرہون منت ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ فیصل آباد کو شہر میں اس وقت بدلا جب شہباز شریف وزیر اعلیٰ تھے۔ اور اس شہر کی تمام سڑکیں کشادہ کی گئیں۔ فیصل آباد میں تمام ترقیاتی منصوبے مسلم لیگ ن نے شروع کیے۔
انہوں نے کہا کہ اس ملک سے متعلق یہ کہا گیا کہ یہ ڈیفالٹ ہوجائے گا۔ اور سازش کر کے خدمت کی سیاست کی بجائے گالی کی سیاست کو رواج دیا گیا۔ نوجوان نسل کو سکھایا گیا کہ مخالفین کوگالیاں دیں۔ گالم گلوج، احتجاج اور افراتفری کی سیاست ابھی تک جاری رکھی ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عطا تارڑ ہمیں آئین، قانون اور پارلیمنٹ کی احترام کا درس نہ دیں، حافظ حمد اللہ
مشیر وزیر اعظم نے کہا کہ اس ملک میں گالم گلوچ، احتجاج اور افراتفری کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں۔ اور پاکستان ان اصولوں پر نہیں بنایا گیا کہ آپ ایک دوسرے کو گالیاں دیں۔ یہ ملک نفرت کی بنیاد پر نہیں بھائی چارے کی بنیاد پر بنا۔ لیکن فیک نیوز سے نوجوانوں کو گمراہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ان کی حکومت کی وجہ سے لوگ ساتھ نکلے۔ جبکہ پورے پنجاب میں 10 سے زیادہ لوگ اسلام آباد کے لیے نہیں نکلے۔ چند لوگوں نے پولیس کو فون کیا کہ ہمیں پکڑ لیں تاکہ حاضری لگ جائے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ علی امین گنڈاپور اور بشریٰ بی بی ڈی چوک سے بھاگ گئے۔ وزیر اعلیٰ اور وزیر اعظم سے کہا پنجاب میں پابندی کی ضرورت نہیں تھی۔ اور معلوم تھا پنجاب میں لوگ افراتفری کی سیاست کو پسند نہیں کرتے۔ بلکہ پنجاب کے لوگ آج بھی خدمت کی سیاست کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں نفرت کی سیاست کا خاتمہ کرنا ہو گا۔ اور ایک صوبے میں ان کو حکومت ملی ہے تو تین مرتبہ اسلام آباد پر حملہ آور ہوئے۔ مریم نواز نے سیاست میں نیا رکھ اپنایا ہے۔