پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو رہا کیا جائے۔ اور ہمارا مینڈیٹ واپس کیا جائے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت امن و امان بہتر بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ اور دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز اور عوام قربانی دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امن وامان کے لیے پولیس فرنٹ لائن کا کردار ادا کر رہی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف لڑ رہے ہیں اور قربانیاں بھی دے رہے ہیں۔
علی امین گنڈاپور نے دعویٰ کیا کہ خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی باقی صوبوں سے بہتر ہے۔ اور خیبر پختونخوا عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کا ٹارگٹ پورا کرنے والا واحد صوبہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سیاسی ٹمپریچر نیچے آتا ہے تو فائدہ پی ٹی آئی کو ہو گا، فواد چودھری
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کافی معاملات پر مسائل کھڑے کیے ہوئے ہیں۔ اور کوئی خیرات نہیں جو ہمارا اپنا پیسہ ہے وہ بھی نہیں مل رہا۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں 44 فیصد ریونیو بڑھایا ہے۔ اور صوبے میں کام ہوا ہے تو ریونیو میں اضافہ ہوا ہے۔ ترقیاتی اسکیموں کے لیے جتنا پیسہ 6 ماہ میں دیا اتنا کبھی ایک سال میں نہیں دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو کنٹرول کر لیں گے۔ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو رہا کیا جائے۔ اور ہمارا مینڈیٹ واپس کیا جائے۔
دوسری جانب مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ شہباز شریف کو ہٹانے اور بلاول کو لانے کے لیے ایوان صدر میں خفیہ ملاقاتیں کی جا رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بلاول زرداری شیروانی پہننے کے لیے سرتوڑ کوششیں کر رہے ہیں۔ اور باپ بیٹا دونوں وزارت عظمٰی کی کرسی کے لیے سرگرم ہیں۔ آصف زرداری اپنے بیٹے کو وزیراعظم بنانے کے خفیہ مشن پر ہیں۔