پاکستان میں خواتین کے کھیلوں کے حوالے سے اہم پیشرفت ، امپاور اسپورٹس اکیڈمی نے پاکستان والی بال فیڈریشن کے تعاون اور ڈاکٹر عیسیٰ لیبارٹری کے اشتراک سے عیسیٰ لیبز کے پہلے قومی ویمن والی بال ٹورنامنٹ کا اعلان کر دیا۔
ٹورنامنٹ کا اعلان پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا ، تقریب کے شرکا کو 16 تا 23 دسمبر 2024 کراچی کے نیشنل کوچنگ سینٹر پی ایس بی میں منعقد ہونے والے “امپاور بائی عیسیٰ لیبز فرسٹ نیشنل ویمنز والی بال ٹورنامنٹ”کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔
پاکستان اور بھارت کے کرکٹ بورڈز میں معاملات طے ، چیمپیئنز ٹرافی کا اعلان کل تک متوقع
اس موقع پر وزیر اطلاعات سندھ ، ٹرانسپورٹ اینڈ ایکسائز ڈپارٹمنٹ برائے سندھ شرجیل میمن ، سابق سینیٹر اور سابق رکن قومی اسمبلی خوش بخت شجاعت، ڈائریکٹر ڈاکٹر عیسی لیبارٹریز حنا فرحان عیسیٰ، بانی اور سی ای او امپاور اسپورٹس اکیڈمی علیشا جنید، چیئرپرسن پاکستان ویمن والی بال ونگ اور کوفائونڈر امپاور اسپورٹس اکیڈمی ملکہ جنید اور جنرل مینیجر ڈاکٹر عیسی لیبارٹری ڈاکٹر نیر جبین موجود تھے۔
شرکاء نے کھیلوں کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے خواتین کھلاڑیوں کو فروغ دینے اور نوجوان خواتین کو قومی اور عالمی دونوں سطحوں پر کھیلنے کا موقع فراہم کرنے میں ایتھلیٹک پلیٹ فارمز کے کردار پر روشنی ڈالی ۔ اس موقع پر ہم نیٹ ورک کی صدر سلطانہ صدیقی اور ہم نیٹ ورک کے سی ای او درید قریشی سمیت عمائدین شہر اور صحافیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
عماد وسیم کے بعد محمد عامر نے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا
امپاور اسپورٹس اکیڈمی کی سی ای او علیشہ جنید نے کہا” اس تاریخی ٹورنامنٹ کو ملک میں خواتین کے کھیلوں کے ایک نئے دور کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے جس کے ذریعے کھلاڑی خواتین کو بااختیار بنانے اور پاکستانی خواتین ایتھلیٹس کو اولمپکس تک پہنچانے کے لئے اسپورٹس اکیڈمی کے مشن کو اجاگر کیا جا سکے گا۔یہ ٹورنامنٹ پاکستان میں خواتین کھلاڑیوں کےلئے بین الاقوامی سطح پر صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع پیدا کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔ہمارا مشن نوجوان خواتین کیلئے کھیلوں، تعلیم اور قیادت میں آگے بڑھنے کی راہیں ہموار کرکے ملک اور قوم کا نام روشن کرنا ہے۔
قومی سطح پر اپنی نوعیت کے اس پہلے ٹورنامنٹ میں 60 سے زائد ٹیمیں اور 600 شرکا شامل ہوں گے ۔ ٹورنامنٹ کا آغاز16دسمبر کو کیا جائے گا جب کہ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ 23 دسمبر کو کراچی کے نیشنل کوچنگ سینٹر میں ہو گا۔
عیسیٰ لیب کی ڈائریکٹر حنا فرحان عیسیٰ نے کہا “ہم خواتین کی صحت اور انہیں بااختیار بنانے کی طاقت پر پختہ یقین رکھتے ہیں۔ ہمارا مقصد اس طرح کے اقدامات کے ذریعے نوجوان خواتین کی صحت اور تعلیم کو فروغ دے کر ان کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور معاشرے کی بہتری میں اپنا کردار ادا کرنے کی ترغیب دینا ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن میں کپتان اور ہیڈ کوچ کا اختیار ختم کر دیا گیا
یاد رہے کہ امپاور اسپورٹس اکیڈمی کیلیفورنیا میں قائم ایک غیر منافع بخش تنظیم اور پاکستان میں ایک رجسٹرڈ غیر منافع بخش ٹرسٹ ادارہ ہے جو کھلاڑیوں کوتربیت دے کر انہیں عالمی چیمپیئن شپ اور اولمپکس سمیت بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کا اہل بنانے کیلئے پرعزم ہے۔
یہ اکیڈمی خواتین کھلاڑیوں کو عالمی معیار کا بنیادی ڈھانچہ، ماہر کوچنگ اور جامع تعلیمی وسائل فراہم کرتی ہے تاکہ انہیں ان کی بھرپور صلاحیتوں کے اظہار کا موقع میسر آ سکے۔اکیڈمی کی سربراہی کیون ہیمبلی‘ اسٹینفورڈ ویمنز والی بال کے ہیڈ کوچ، ڈینس شیلڈن، مینلو کالج کے اسپورٹس مینیجر، جیووانی گائیڈٹی‘ ایف آئی وی بی کی کوچنگ ایسوسی ایشن کے صدر۔ ہیڈ کوچ، واکیف بینک والی بال ٹیم ترکی، ملکہ جنید پرنسپل، ایم ڈیزائن آرکیٹیکٹ اور جنید قریشی، منیجنگ پارٹنر، ایم ڈی آئی فنڈزپر مشتمل معزز بورڈ آف ڈائریکٹرز کرتے ہیں ۔
جیسے جیسے ٹورنامنٹ قریب آ رہا ہے ، شرکا اور حامیوں میں یکساں جوش و خروش پایا جارہا ہے جو پاکستان میں کھیلوں میں خواتین کیلئے ایک نئے اور روشن باب کی نشاندہی کرتا ہے۔اس ٹورنامنٹ کے ذریعے امپاور اسپورٹس اکیڈمی نہ صرف خواتین کی والی بال بلکہ ملک میں مستقبل میں خواتین کے کھیلوں کے مقابلوں کےلئے بھی ایک مثال قائم کر رہی ہے۔