لائیو: سازش کرنے والے یا ماسٹر مائنڈ کا ٹرائل بھی ملٹری کورٹ میں ہی ہوگا، وکیل وزارت دفاع

image
اہم نکات

لندن کے لیے پی آئی اے کی پروازیں جلد شروع ہونے کی امید 

وزیرِ خزانہ کے مطابق پاکستان جون تک پانڈا بانڈ جاری کر سکتا ہے

کوئٹہ کو کراچی سے ملانے والی شاہراہ 35 گھنٹوں کے بعد کھل گئی

اسلام آباد میں قومی اسمبلی اور سینیٹ کا اجلاس 

فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت

سپریم کورٹ میں جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سات رکنی بینج فوجی عدالتوں میں سویلینز کے خلاف انٹرا کورٹ اپیلوں پر سماعت کر رہا ہے۔

سماعت کے دوران جسٹس امین الدین نے ریمارکس دیے کہ دیکھنا یہ ہے کہ سویلینز کا کن حالات میں ٹرائل ہو سکتا ہے۔

وزارتِ دفاع کے وکیل خواجہ حارث نے اس موقع پر کہا کہ ماضی میں سپریم کورٹ قرار دے چکی ہے کہ ریٹائرڈ اہلکار سویلینز ہوتے ہیں۔ جس پر جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ جس کیس کا حوالہ دیا جا رہا ہے اس میں ریٹائرڈ اور حاضر سروس افسران دونوں ملوث تھے۔

جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ آرمی ایکٹ کا دائرہ جتنا وسیع کیا جا رہا ہے اس میں تو کوئی بھی آ سکتا ہے۔

وزارت دفاع کے وکیل خواجہ حارث نے دلیل دی کہ ایف بی علی کیس میں جن افراد پر کیس چلایا گیا وہ ریٹائرڈ تھے۔

جسٹس مسرت ہلالی کا کہنا تھا کہ کنٹونمنٹ میں اگر کسی سپاہی کا سویلین کے ساتھ اختلاف ہو جائے تو کیس کہاں جائے گا؟ اس پر خواجہ حارث نے کہا کہ اختلاف الگ بات ہے۔

جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ ملٹری ٹرائل کے معاملے کو بہت وسعت دی جا رہی ہے۔

تاہم وزارت دفاع کے وکیل کا کہنا تھا کہ زمانہ امن میں بھی ملٹری امور میں مداخلت کرنے پر سویلین کا ٹرائل ملٹری کورٹس میں ہی چلے گا۔

جسٹس حسن اظہر رضوی نے سوال کیا کہ آخر کوئی ماسٹر مائنڈ بھی ہوگا، سازش کس نے کی؟  

اس پر وزارت دفاع کے وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ ’سازش کرنے والے یا ماسٹر مائنڈ کا ٹرائل بھی ملٹری کورٹ میں ہی ہو گا۔ سویلین کا ٹرائل اچانک نہیں ہو رہا، 1967 سے قانون موجود ہے۔‘

لندن کے لیے بھی پی آئی اے کی پروازیں جلد شروع ہو جائیں گی

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں کہا ہے کہ یورپ کے لیے پی آئی اے کی پروازوں کا بحال ہونا ملک کے لیے نہایت اچھی خبر ہے۔

انھوں نے امید کا اظہار کیا کہ جلد ہی پی آئی اے کی لندن کے لیے پروازیں بھی شروع ہو جائیں گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ صوبوں کو وفاق کے ساتھ مل کر چلیجنجز کو حل کرنا ہے۔ کرم میں امن کے قیام کے لیے بنکر ختم کیے جا رہے ہیں اورصورتِ حال نارمل ہو رہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ فتنۂ خوارج کے خلاف آپریشن جاری ہے۔

کوئٹہ کو کراچی سے ملانے والی قومی شاہراہ 35 گھنٹوں بعد کھول دی گئی

اس اہم سڑک کو بلوچستان کے ضلع سوراب میں زہری سے جبری طور پر لاپتہ کیے گئے افراد کے رشتہ داروں نے رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کر دیا تھا۔

ان کا الزام تھا کہ زہری میں کالعدم تنظیم کے حملے اور سرکاری عمارتوں کو نذر آتش کرنے کے بعد سکیورٹی فورسز نے متعدد افراد کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔

انتظامیہ سے مذاکرات کے نتیجے میں پانچ گرفتار افراد رہا ہونے اور باقی افراد کی جلد رہائی کی یقین دہانی پر مظاہرین نے پیر کی شب سڑک کھول دی۔

سڑک بند ہونے کی وجہ سے خواتین اور بچوں سمیت ہزاروں مسافر پھنس گئے تھے۔

قومی اسمبلی اور سینیٹ کا اجلاس آج، سینیٹر اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈر جاری

صالح سفیر عباسی، اردو نیوز اسلام آباد

 قومی اسمبلی کا اجلاس آج سہ پہر دو بجے جبکہ سینیٹ اجلاس شام چار بجے ہو گا۔

قومی اسمبلی اور سینیٹ سیکریٹیریٹ نے آج کے اجلاسوں کا ایجنڈا جاری کر دیا ہے۔ آج نجی ممبران کا دن مختص کیا گیا ہے، جس کے لیے 58 نکاتی طویل ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔

مختلف اراکین کی جانب سے دس نجی بل بھی متعارف کرائے جائیں گے جبکہ ایوان میں آج بحث کے لیے مختلف قراردادیں بھی پیش کی جائیں گی۔

 سینیٹ کے آج ہونے والے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعجاز چوہدری اپنے پروڈکشن آرڈر جاری ہونے کے بعد بطور سینیٹر پہلی مرتبہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔

سینیٹ سیکریٹریٹ نے اجلاس کا 13 نکاتی ایجنڈا جاری کیا ہے، جس کے مطابق آج کے اجلاس میں پی آئی اے طیاروں کے گراؤنڈ کرنے پر شیری رحمان توجہ دلاؤ نوٹس پیش کریں گی۔

ویمنز انڈر 19 ٹی20 ورلڈ کپ: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان وارم اپ میچ کل ہوگا

پاکستان ویمنز انڈر 19 ٹیم کل آسٹریلیا کے خلاف ملائیشیا میں وارم اپ میچ کھیلے گی۔

میچ سلنگور ٹرف کلب گراؤنڈ میں مقامی وقت کے مطابق سہ پہر اڑھائی بجے شروع ہو گا۔

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم 16 جنوری کو جوہور کے لیے روانہ ہوگی۔

آئی سی سی ویمنز انڈر 19 ورلڈ کپ 18 جنوری سے ملائیشیا میں شروع ہو رہا ہے۔

پاکستانی ٹیم پہلا میچ 18 جنوری کو امریکہ کے خلاف کھیلے گی۔

گزشتہ روز پاکستان نے وارم اپ میچ میں نائیجیریا کو 11 رنز سے شکست دی۔

پاکستان چینی سرمایہ کاروں سے 200 سے 250 ملین ڈالر اکٹھا کرنے کا خواہش مند ہے، وزیر خزانہ

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی مارکیٹ کو چین کی کیپٹل مارکیٹ سے مزید ہم آہنگ کرنے کے لیے جون تک پانڈا بانڈ جاری کرنے کا خواہاں ہے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان چینی سرمایہ کاروں سے 200 سے 250 ملین ڈالر اکٹھا کرنے کا خواہش مند ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مصر کی طرز پر یوآن بانڈز کے اجرا کی بینک گارنٹی کے لیے ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بنک سے بات چیت چل رہی ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے چینی سرمایہ کاری بہت اہم ہے۔

’پاکستان سی پیک کے اگلے فیز میں چین سے مزید تعاون کا خواہاں ہے پاکستان میں چینی کمپنیوں کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی میں اضافہ کیا جائے گا۔‘

کوئٹہ: کوئلے کے کان میں پھنسے آخری کان کن کی لاش بھی نکال لی گئی

زین الدین احمد، اردو نیوز کوئٹہ

کوئٹہ کے قریب کوئلے کے کان میں پھنسے آخری کان کن کی لاش چھٹے روز نکال لی گئی، حادثے میں مرنے والے کان کنوں کی تعداد 12 ہو گئی ہے۔

منگل کو چیف انسپکٹر مائنز بلوچستان عبدالغنی بلوچ نے اردو نیوز کو بتایا کہ شانگلہ سے تعلق رکھنے والے آخری کان کن کی لاش بالآخر منگل کی صبح 3300 سو فٹ کی گہرائی میں ملبے سے ملی۔ لاش نکال کر آبائی علاقے شانگلہ روانہ کر دی گئی۔

9 جنوری کو کان منہدم ہونے کے بعد دو ہزار سے ساڑھے چار ہزار فٹ کی گہرائی میں 12 کان کن پھنس گئے تھے، جن میں سے کوئی بھی زندہ نہ بچ سکا۔

چیف انسپکٹر مائنز کے مطابق ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد کان کو سیل کرکے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔

سابق مائنز انسپکٹر امجد حسین شاہ کی سربراہی میں پانچ رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

بلوچستان میں رواں ہفتے 15 کان کن مختلف حادثوں میں ہلاک ہو چکے ہیں۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.