’ٹرمپ صاحب، آپ میری کھیر کھائیں بہت مزہ آئے گا،‘ ملیے نومنتخب امریکی صدر کے پاکستانی ہم شکل سلیم بگا سے

image

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر ساہیوال کے ایک مصروف بازار میں ریڑی پر کھیر بیچنے والے شخص کی امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے غیر معمولی مشابہت کی وجہ سے نہ صرف کاروبار بڑھ رہا ہے بلکہ وہ دیگر کے مقابلے میں لوگوں کی توجہ کا مرکز بھی بن چکے ہیں۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق ایک مقامی شہری محمد یاسین کا کہنا ہے کہ ’ہمیں ایسا لگتا ہے کہ جیسے ٹرمپ خود یہاں آکر کھیر فروخت کر رہے ہیں۔‘

’سلیم بگا جو پنجابی میں گانا گا کر گاہکوں کو اپنی جانب متوجہ کرتے ہیں سے ہی ہم کھیر خریدنا پسند کرتے ہیں۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’جب سلیم بگا کھیر بیچنے کے لیے گانا گانا شروع کرتے ہیں، تو ہم اُن کے پاس پہنچ جاتے ہیں۔‘ 

سفید رنگ اور منفرد سنہرے بالوں والے سلیم بگا جب پنجابی گانے کے بول ’میرے پیار ہن تے تو میرے کول آجا، دیر نہ کر، میری اکھیاں تیرا انتظار کردے کردے تھگ گئیاں نے‘ (میرے پیار اب تو تم میرے پاس آجاؤ، دیر نہ کرو، میری آنکھیں تمہارا انتظار کرتے کرتے تھک گئی ہیں) گاتے ہیں تو لوگوں کا ایک جم غفیر اُن کے گرد جمع ہو جاتا ہے۔‘

مقامی شہری عمران اشرف سلیم بگا کے ساتھ سیلفی لیتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’ان کی کھیر واقعی بہت لذیذ ہے، ہم ان سے بات کرتے ہیں، ان کے ساتھ سیلفیاں لیتے ہیں اور دوستوں کو بتاتے ہیں کہ ہم نے ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ تصاویر بنوائی ہیں۔‘ 

سلیم بگا کا کہنا ہے کہ ’میری شکل ڈونلڈ ٹرمپ سے ملتی ہے، اور اسی وجہ سے لوگ میرے ساتھ سیلیفاں لینا پسند کرتے ہیں۔۔۔ مجھے یہ بہت اچھا لگتا ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’ڈونلڈ ٹرمپ صاحب (سر) آپ الیکشن جیت چکے ہیں، اب آپ یہاں کا دورہ کریں اور میری کھیر کھائیں، آپ کو مزہ آئے گا۔‘

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.