سنئیر صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ وماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے
کہ بطور قوم ہماری ترجیحات تبدیل ہوتی جارہی ہیں، حادثات کی وجہ سے انسان اپنی جان
گنوا بیٹھتے ہیں، کچھ معذوری کا شکار ہوتے ہیں، ہماری ترجیح یہ ہونی چاہئے کہ کسی
طرح انسان ذات کی خدمت کی جا سکتی ہے، روڈ سیفٹی جیسا منفرد خیال خیال انسان ذات کی
خدمت سے واقف ذہنوں میں آتا ہے، ٹریفک قوانین کی پاسداری کے لئے ہم سب کو کردار ادا
کرنا ہوگا۔ کنزیومر روڈ سیفٹی ایوارڈ کی کامیاب تقریب پر تمام منتظمین کو مبارکباد
دیتا ہوں، یہ تنظیم ایک بہت ہی شاندار کام کر رہی ہے، جس کا مقصد انسانوں کی
زندگیاں بچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ٹریفک قوانین کا احترام کرنے ہی ضرورت ہے،
بچوں کو ٹریفک قوانین کے بارے پڑھانا چاہئے، عوا کو آگہی کی بھی ضروت ہے، چند لمحوں
کی جلدبازی کی وجہ سے لوگ اپنی زندگی خراب کرتے ہیں اور دوسروں کے لئے بھی پریشانی
کا سبب بنتے ہیں۔
وہ مقامی کلب میں کنزیومر ایسو سی ایشن آف پاکستان کے زیر اہتمام کنزیومر روڈ سیفٹی
ایوارڈ کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے،اس موقع پر ڈی آئی جی ٹریفک
احمد نواز چیمہ ، میزبان چئیرمین کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان کوکب اقبال ،بریگیڈئیر
منظور احسن ،معروف قانون داں جاوید چھتاری ،ایڈیشنل کلیکٹر اسد اللہ لاڑک ،ڈاکٹر
تنویر احمد ودیگر نے بھی خطاب کیا ،تقریب میں پولیس اہلکاروں سمیت دیگر شخصیات کو
ایوارڈ ،ٹرافیاں اور دیگر سرٹیفکٹس تقسیم کئے گئے ،سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے
کہا کہ کم عمر بچے اگر گاڑی چلاتے ہیں تو یہ ان کے والدین کی لاپرواہی اور غلطی ہے،
ٹریفک قوانین سے متعلق آگہی کے لئے میڈیا کردا ادا کرے، صرف ٹریفک قوانین کی خلاف
ورزی نہیں ہوتی، دیگر بھی بہت سے منفی نتائج کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا
کہ ہم نے ماضی میں دیکھا کہ کراچی میں ٹریفک کے جوانوں کو چن چن کر ان کی ٹارگٹ
کلنگ کی گئی، لیکن یہ پھر بھی ہمت نہیں ہارے، ٹریفک پولیس کے جوان کڑی دھوپ اور
شدید گرمی خواہ سردی میں یہ گھنٹوں کھڑے ہو کر کام کرتے ہیں، اگر ٹریفک کے جوان آپ
کو روکتے ہیں تو وہ آپ کی حفاظت کے لئے روکتے ہیں، ٹریفک کے سپاہی ہمارے قومی ہیروز
ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعلی
کی واضح ہدایات ہیں کہ ماس ٹرانزٹ کو بڑھایا جائے، ماحولیاتی آلودوگی بھی ہمارے لئے
بہت بڑا چیلنج ہے، حکومت سندھ پہلی بار ماحول دوست ای وی ٹیکسی سروس شروع کرنے جا
رہی ہے، جس سے ماحول اور ملک دونوں کو فائدہ پہنچے گا، روزگار کے نئے مواقع میسر
آئیں گے۔
ڈی آئی جی احمد نواز نے کہا کہ ٹریفک کے بارے میں زیادہ مسائل خود پیدا کردہ ہے ،لوگ
عام طور پر سگنک توڑنے اور رانگ وے جانے سے گریذ نہیں کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ شہر
میں42 لاکھ موٹر سائیکلیں ہیں،جبکہ پولیس افسران و اہلکاروں کی تعداد 5 ہزا ر ہے جو
ناکافی ہے جو لوگ ٹریفک حادثے کا شکار ہوتے ہیں ،بدقسمتی سے وہ ہیلمٹ کا استعمال
نہیں کرتے ہیں،لوگ جلد بازی کے چکر میں حادثات کا شکار ہوتے ہیں،اگر منزل تک 10+5
منٹ تاخیر سے پہنچ جائیں تو مسئلہ نہیں ہوتا ہے،انہوں نے چئیرمین کوکب اقبال کو
مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ 4 برس سے سیفٹی کانفرنس میں شرکت کررہے
ہیں،منظور احسن نے کہا کہ روڈ سیفٹی کے بارے میں فیکٹریز،یونیورسٹیز ،کالج اور
اسکولوں میں آگاہی مہم چلانا ضروری ہے،دوران ڈرائیونگ موبائل کا استعمال خطرناک
ہے،جبکہ موٹر سائیکل پر 2سے زائد افراد کی سواری عوام کے مفاد میں نہیں ہے ،اسد
اللہ لاڑک نے کہا کہ شہر میں بغیر فٹنس چلنے والی گاڑیاں آزادانہ طور پر چل رہی
ہیں،جنہیں روکنے کی ضرورت ہے ،دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں نہیں ہونی چاہیے،اس کے
علاوہ گاڑی درستپارک نہ کرنا بھی بڑا مسئلہ ہے،ڈاکٹر تنویر احمد نے کوکب اقبال کو
مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس صوبے میں 5 ہزار سے زائد ورکر موجود ہیں اور
کراچی میں 8 سو سے زائد ورکرز ہیں،انہیں ذمہ داری کا احساس دلانا ضروری ہے،دوران
ڈرائیونگ موبائل کا استعمال نہیں ہونا چاہیے اور بغیر ڈرائیونگ لائسنس بھی گاڑی
چلانے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔کوکب اقبال نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا
کہ ہم ہر سال جنوری میں یہ ایوارڈ کی تقسیم کرتے ہیں ،جس کا مقصد مختلف شعبوں میں
کارکردگی دکھانے والے افراد کی حوصلہ افزائی کرنا ہے،انہوں نے کہا کہ روڈ سیفٹی بہت
اہم ایشو ہے اور آگاہی نہ ہونے کے سبب ہر سال سینکڑوں لوگ اپنی جانیں گنوا بیٹھتے
ہیں۔