گرمی کے موسم میں عموماً گھروں میں اچار ڈالا جاتا ہے، کوئی کیری کا کھٹا میٹھا اچار ڈالتا ہے، تو کوئی ہری مرچ کا تیکھا سا اچار ڈالتا ہے۔ ویسے تو اچار سارا سال کبھی بھی بنائے جاسکتے ہیں اور خواتین بازاروں سے بھی لاتی ہیں، مگر کچھ لوگوں کے ہاں گھر کے بنے ہوئے اچار کھائے جاتے ہیں۔ جن کو بنانے کے لئے خواتین ڈھیر ساری کیریاں دھوتی ہیں، کاٹتی ہیں، مصالحے تیار کرتی ہیں، بھگار لگاتی ہیں اور بہت محنت کے بعد اچار بنانے میں کامیاب ہو جاتی ہیں۔ اچار بنانے کے بعد اس کو محفوظ بنانے کے لئے کونسا طریقہ استعمال کرنا چاہیئے؟ پہلے تو گھر کی بڑی خواتین یہ مشورہ دیتی تھیں کہ مرتبان میں اچار رکھیں یہ محفوظ ہوتا ہے، اس میں بہت افادیت ہے، لیکن وقت کے ساتھ ساتھ پلاسٹک کی بوتلوں نے ان مرتبانوں کی جگہ لے لی اور اب مشہور اچار بھی پلاسٹک کی بوتلوں میں آتے ہیں۔
آج ہماری ویب وومن کارنر میں آپ کے لئے موجود ہے وہ معلومات جو سال بھر آپ کے ہاتھ کے بنے ہوئے لزیز اچار کو خراب ہونے سے بچائے گی اور ساتھ ہی آپ کو اچار کو مزیدار کرنے کی چھوٹی سی ٹپ بتائیں گے تاکہ گھر والے اچار کی تعریف کیئے بغیر نہ رہیں۔
مرتبان یا پلاسٹک کی بوتل؟
گھر کے بنے ہوئے اچار کو یا اگر اپ بازار سے خریدا ہوا اچار بھی محفوظ بنانا چاہتی ہیں تو اس کو بھی مرتبان میں رکھنا شروع کردیں، جس کی ایک وجہ تو یہ ہے کہ مرتبان چونکہ مٹی سے بنتا ہے اس لئے سارا سال ٹھنڈا رہتا ہے، اس میں گرمی سے مولیکیولر ماسک نہیں بڑھتا اور اچاری مصالحوں کی کوالٹی خراب نہیں ہوتی ہے۔ دوسرا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ مرتبان کھلے منہ کا ہوتا ہے اور اس کے پیندے میں جگہ زیادہ ہوتی ہے، جس سے مصالحوں کو اندر ہی اندر کیری، ہری مرچ، کریلے، لیموں یا پھر لسوڑے وغیرہ میں جزب ہونے کے لئے زیادہ جگہ مل جاتی ہے اور جوں ہی اپ اپنے استعمال کا اچار نکال لیتے ہیں اس کو فوری بند کردیں، اس سے ہوا بھی نہیں لگتی۔ اب کچھ لوگوں کا یہ ماننا ہے کہ طویل عرصے تک بند ہونے کی وجہ سے اچار میں پھپھوندی لگ جاتی ہے۔ ہاں! یہ بات صحیح ہے کہ پھپھوندی لگ جاتی ہے مگر صرف اس اچار میں پلاسٹک کی بوتلوں میں ہوتے ہیں کیونکہ ان میں پولیتھینل اور پولسیٹیرین مالیکیولز ہوتے ہیں جس میں ہوا کا اگر گزر نہ ہو تو وہ کھانے کی چیزوں میں پھپھوندی لگنے کی بڑی وجہ بنتے ہیں۔
ذائقہ دار اچار بنانے کی ترکیب:
سب سے پہلے آپ چیزوں کو دھو کر خشک کریں اور پھر ان میں 15 منٹ کے لئے نمک لگا کر چھوڑ دیں۔ اب ایک پین میں کُٹی لال مرچ، کُٹا ہوا دھنیا، میتھی دانہ، کلونجی، ہلدی اور کُٹی ہوئی رائی ڈالیں اور ان کو 4 سے 5 منٹ کیلئے بھون لیں۔ اس کے بعد پتیلی میں آئل ڈالیں اور یہ مصالحہ ڈال کر 5 منٹ پکائیں۔ اب ساری کیریاں یا لیموں جس کا بھی اچار ڈال رہی ہیں وہ شامل کر دیں۔ لیجیئے ذائقہ دار اور خوشبو والا اچار بن کر تیار ہو جائے گا۔