افطار کے دسترخوان پر پکوڑے مل جائیں تو مزہ دوبالا ہوجاتا ہے مگر ایک سے زیادہ قسم کے پکوڑے افطاری کی زینت بڑھا دیتے ہیں۔ تو چلیں آج ہم لا رہے ہیں آپ کے لئے چند مختلف قسم کے ایسے کرسپی پکوڑے جو کھانے میں ایسے ذائقے دار بنیں کہ مزہ ہی آجائے۔
گوبھی کے پکوڑے
گوبھی کے پکوڑے بنانے کے لئے ایک بند گوبھی کو باریک کاٹ کر دھو لیں، خشک ہونے پر اس میں بیسن، ایک چٹکی ہلدی، زیرہ، نمک، کالی مرچ پاؤڈر، ایک چمچ بیکنگ پاؤڈر ڈال کر پانی سے مکس کرلیں اور آئل میں فرائی کرلیں یہ بنیں اتنے کرسپی کے سب چٹ کر جائیں۔
پالک کے پکوڑے
پالک کے پکوڑوں کا تو ذائقہ ہی الگ ہے ان کو بنانے کے لئے آپ پالک کو دھو کر باریک کاٹ لیں اور پھر بیسن، ایک چٹکی ہلدی، زیرہ، نمک، کالی مرچ پاؤڈر، ایک چمچ بیکنگ پاؤڈر ڈال کر پانی سے مکس کرلیں اور آئل میں فرائی کرلیں لیجئیے پالک کے پکوڑے دسترخوان پر سجنے کے لئے تیار ہیں۔
انڈے کے پکوڑے
انڈوں کو ابال کر بیچ میں سے دو کرلیں اب ان کو اوپر بتائے گئے پکوڑے کے بیسن میں ڈپ کر کے فرائی کرلیں۔ ہوگئے انڈے کے پروٹین سے بھرپور پکوڑے تیار۔
کدو کے پکوڑے
کدو کو دھو کر باریک کاٹ لیں اور پھر اس کو ابال لیں ، اب اسی پانی اور ابلے کدو کے پیالے میں بیسن، مرچیں سارا مصالحہ بنائیں اور ان کو ڈیپ فرائی کرلیں۔ چٹنی کے ساتھ پیش کردیں۔
شملہ مرچ کے پکوڑے
شملہ مرچ کو دھو کر بیچ میں سے دو حصے کرلیں ۔ ایک پیالی میں پسا ہوا انار دانہ، کالی مرچ پاؤڈر، ہلدی، لال مرچ پاؤڈر، اجوائن اور لیموں چھڑک کر پیسٹ بنالیں۔ اس پیسٹ کو شملہ مرچ کے اندر اچھی طرح لگاکر بیسن میں ڈپ کرکے فرائی کرلیں۔ واہ واہ! تیار ہیں سپائسی شملہ مرچ کے پکوڑے۔