رمضان میں جہاں خواتین کیلیئے کاموں کا انبار لگا ہوتا ہے وہیں روزانہ سحری کیلیئے آٹا گوندھنا بھی انہی کے ذمہ ہوتا ہے۔ ایسے میں خواتین چاہتی ہیں کہ وہ ایک ساتھ زیادہ آٹا گوندھ کے رکھ دیں، تا کہ وہ کچھ دنوں تک چل سکے۔
پر اب جیسے کہ گرمیاں آگئی ہیں تو ایسے میں آٹے کو تھوڑی دیر فریج سے باہر رکھنے پر یہ کالا ہونے لگتا ہے اور کھٹا ہو جاتا ہے اور خراب ہو جاتا ہے۔ پھر اس کو کچھ خواتین پھینک دیتی ہیں اور کچھ مختلف ٹپس کے ذریعے کار آمد بناتی ہیں، مگر اس سب میں زحمت زیادہ ہوتی ہے۔
آج ہم آپ کو زبیدہ آپا کے آزمائے ہوئے ٹوٹکے بتا رہے ہیں جن سے آپ کا آٹا نہ تو خراب ہوگا اور نہ ہی اس میں خُشکی آئے گی۔
زبیدہ آپا کی زبردست آٹا ٹپس:
۔ آلو کو دھو کر ابالیں اور جس پانی میں اُبال رہی ہیں، اس پانی سے آٹے کو گوندھیں، زبیدہ آپا کہتی تھیں کہ یہ آٹا کبھی بھی خراب نہیں ہوگا اور نہ کھٹا ہوگا۔
۔ ایک سفید ململ کا کپڑا لیں اس کو گیلا کریں، پھر آٹے کو اس کپڑے میں لپیٹ کے رکھیں۔ اس طریقے سے نہ تو گوندھے ہوئے آٹے میں پپڑی جمے گی اور نہ ہی یہ کھٹا ہوگا۔
۔ آج کل گوندھا ہوا آٹا خشک ہوجاتا ہے اور اس میں پپڑی جم جاتی ہے- جس کے باعث اکثر خواتین کو روٹی بنانے میں دشواری پیش آتی ہے اور روٹی بھی صحیح نہیں بنتی اور نہ ہی ایسے آٹے کی روٹی کو کوئی کھانا پسند کرتا ہے۔ لیکن بتائے گئے اس طریقے سے آٹا خشک نہیں ہوگا اور نہ ہی اس میں پپڑی جمے گی جو کہ سردیوں میں اکثر جم جاتی ہے۔
۔ آٹا گوندھتے وقت اس میں تھوڑا سا تیل شامل کردیں۔ آٹا نیم گرم پانی سے گوندھیں تاکہ یہ نرم رہے اور خشک ہونے کے امکانات کم ہوجائیں۔
۔ گوندھا ہوا آٹا خشک ہونے سے بچانے کے لیے ہمیشہ نم کپڑے سے ڈھک کر رکھیں۔ اس طریقے سے گوندھا ہوا آٹا خشک نہیں ہوگا نہ اس میں پپڑی جمے گی اور روٹی یا پراٹھا بھی نرم اور مزیدار بنے گا۔