سر میں جوئیں پڑجانا جتنا معمول کی بات ہے اتنی ہی اذیت ناک بھی ہے۔ ہمارا خون پی کر سروں میں پلنے والی یہ جوئیں نہ تو دن میں کسی کام کا رہنے دیتی ہیں نہ ہی رات میں چین کی نیند سونے دیتی ہیں۔
اسکول جانے والے بچوں کی سب سے بڑی مصیبت سر کی جوئیں ہوتی ہیں۔ ایک ہاتھ ہر وقت سر میں ہی رہتا ہے جب کہ دوست بھی مذاق اڑاتے ہیں۔ یہ جوئیں صرف بچوں کا ہی نہیں بلکہ بڑوں کا بھی مسئلہ ہیں اس لئے آج ہم اپنے قارئین کے لئے جوؤں سے جان چھڑانے کے کچھ آسان ٹوٹکے لے کر حاضر ہوئے ہیں۔
زبیدہ آپا نے بتایا کہ تلسی کا پودا لیں اور اس کی پتیاں پیس کر پاؤڈر بنا لیں۔ اس پاؤڈر کو کسی بھی سر کے تیل میں ڈالیں اور رات کو سر میں لگا کر سفید کپڑا سر پر باندھ کر سوجائیں۔ صبح دیکھیں گی کہ جوئیں کے ساتھ انڈے بھی کپڑے میں آگئے ہیں۔
اس کے علاوہ ایک ٹوٹکا زبیدہ آپا نے یہ بھی بتایا کہ نہانے والا لال صابن لیں اور اسے سر پر اچھی طرح لگائیں خوب جھاگ بنا کر کنگھی کریں اور سر سے پانی بہائیں۔
اس کے بعد زیتون کے تیل میں چند قطرے لیموں کا رس ڈال کر سر کے بالوں کی جڑوں میں مساج کریں۔ اس طرح بالوں سے جوئیں بھی غائب ہوجائیں گی اور بال نرم صاف چمکدار بھی ہوجائیں گے۔
کافور کی گولیاں اور نیم کی پتیاں پیس کر تیل میں ملا کر لگانے سے بی سر کی جوئیں ختم ہوجاتی ہیں۔