بارش کے بعد شہریوں کو جن پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ان میں سے ایک پتنگے بھی ہیں جو بڑی تعداد میں گھروں میں گھس جاتے ہیں۔ ان پتنگوں کے پر اور ٹانگوں میں بہت سے جراثیم ہوتے ہیں جو مختلف انفیکشنز پیدا کرتے ہیں۔ بارش کے بعد بیماریوں کی ایک بڑی وجہ پتنگے، مکھیاں اور کیڑے مکوڑے ہی ہوتے ہیں۔ اس آرٹیکل میں “ہماری ویب“ کے قارئین کو بتایا جائے گا کہ کس طرح ان ننھی مصیبتوں سے چھٹکارا حاصل کرکے بارش کا حسین موسم انجوائے کیا جاسکتا ہے۔
پتنگے آتے کہاں سے ہیں؟
بارش کے موسم میں کیڑے مکوڑوں کی افزائش میں اضافہ ہوتا ہے لیکن پہلی بارش کے بعد بھی یہ اتنی بڑی تعداد میں گھروں میں داخل ہوجاتے ہیں اور لوگ حیران ہوتے ہیں کہ آخر اتنے پتنگے آئے کہاں سے؟ تو اس سوال کا جواب یہ ہے کہ شہر میں موجود پرانے اور بڑے بڑے درختوں میں پتنگے اور مکھیاں، مچھر بسیرا کیے ہوتے ہیں۔ اور جیسے ہی بارش ان درختوں کو گیلا کرتی ہے یہ وہاں سے اڑ کر گھروں میں گھس کر خود کو محفوظ اور خشک رکھنے کی کوشش کرتے ہیں
پتنگوں کو گھر سے کیسے بھگایا جائے
نیچے کچھ ایسے آسان طریقے بتائے جارہے ہیں جن کی مدد سے پتنگوں کے علاوہ باقی کیڑے مکوڑوں سے بھی نجات حاصل کی جاسکتی ہے۔
لائٹ بند رکھیں
پتنگے زیادہ تر رات کے وقت حملہ آور ہوتے ہیں اور روشنی کی جانب بڑھتے ہیں۔ اگر لائٹ بند رکھی جائے تو حیرت انگیز طور پر یہ اس جگہ نہیں جاتے۔ اس لئے کوشش کریں کہ احتیاطاً چھوٹی موٹی ٹارچ پاس رکھیں جسے وقت ضرورت استعمال کیا جاسکے اور اقی تمام لائٹس بند کردیں
گھاس وغیرہ کٹوا لیں
مون سون کے موسم سے پہلے گھر میں موجود پیڑ پودوں کو ترشوا کر اسپرے کروالیں تاکہ کوئی کیڑا بارش کے دنوں میں پتوں کے اندر انڈے نہ دے سکے اس کے علاوہ پتنگے ایسی جگہ چھپنا پسند کرتے ہیں جہاں انھیں کھانا کھانے کے لئے باہر نہ جانا پڑے جس کے حساب سے گھر میں اگنے والی گھاس انھیں سازگار ماحول فراہم کرتی ہے۔ غیر ضروری اور بڑھی ہوئی گھاس کٹوا لیں تاکہ کیڑوں کو چھپنے کے لئے کوئی جگہ نہ ملے۔
گھر کے اندر نمی نہ پیدا ہونے دیں
کیڑے مکوڑوں کو نمی والی مٹی اور جگہ میں رہنا پسند ہوتا ہے کیونکہ یہاں یہ آسانی سے انڈے دے سکتے ہیں اس لئے گھر کو زیادہ سے زیادہ خشک رکھیں اور پنکھا چلا کر نمی والے حصے کو سکھاتے رہیں۔
سٹرس اسپرے
سادے پانے میں نارنجی یا لیموں کا تیل ملا کر اسپرے کریں اگر تیل موجود نہ ہو تو ایک بوتل پانی میں تین چار لیموں نچوڑ لیں اور اچھی طرح ہر جگہ اسپرے کریں۔ سٹرس پھلوں کی خوشبو اڑنے والے کیڑوں کو کافی ناگوار محسوس ہوتی ہے اور وہ اس جگہ سے چلے جاتے ہیں