باربی کیو پارٹی عید الضحیٰ کے بعد تقریباً ہر گھر میں ہی ہوتی ہے کیونکہ یہ ایسا خاص موقع ہوتا ہے جب اہلِ خانہ اور دوست مل بانٹ کر کچھ وقت گزارتے ہیں اور خوشی سے رہتے ہیں۔ تکے بناتے ہیں آپس میں ایک دوسرے کے ساتھ اچھا وقت گزر جاتا ہے لیکن مزہ تب آتا ہے جب تکے بھی لذیذ بنیں اور سب کا پیٹ بھی بھر جائے۔ کچھ لوگوں کو تو یہی مسئلہ رہتا ہے کہ تکے مزیدار نہیں بن رہے، کسی کا مصالحہ صحیح نہیں لگتا تو کسی کے تکے جل جاتے ہیں۔ اور جن کے ساتھ یہ سب مسئلے نہ ہوں تو ان کے کوئلے جلدی نہیں جلتے۔ یہ تمام باتیں کسی بھی باربی کیو پارٹی میں ہونا عام ہیں۔
ٹپس:
٭ کوئلوں کو جلدی جلانے کے لیے انگیٹھی میں کوئلے رکھنے سے پہلے ڈھیر سارے کاغذ رکھ دیں اور ان کے اوپر کوئلے رکھیں۔ اب کسی بھی ایک کاغذ کو آگ لگادیں اور کوشش کریں کہ اس پر ہوا کا گزر نہ ہو یوں کچھ ہی دیر میں کاغذوں کے جلنے سے کوئلے بھی آگ پکڑ لیں گے۔
٭ کوئلوں کے ساتھ مٹی تیل چھڑک دیں اور کوئلے کے ایک ٹکڑے کو چولہے پر رکھ کر اچھی طرح گرم کرکے انگیٹھی میں ڈال دیں۔ اس طرح باقی کے کوئلے بھی جلدی جل جائیں گے۔
٭ کسی بھی بڑے کاغذ کو اس طرح گول کریں کہ ایک دائرہ بن جائے اب اس کو مٹی کے تیل میں اچھی طرح ڈبو لیں اور انگیٹھی میں کوئلوں کے درمیان میں رکھ دیں۔ اس کے بعد ماچس کی تیلی سے صرف کاغذ کو آگ لگائیں۔ اس طرح آپ کے کوئلے جلدی جل جائیں گے اور باربی کیو بھی جلد بن کر تیار ہو جائے گا۔