بریانی ایک ایسی ڈش ہے جو ہر کسی کو پسند ہوتی ہے۔ یہ سردی ہو یا گرمی، عید ہو یا شادی ہر موقع پر ہی بنائی اور شوق سے کھائی جاتی ہے۔ اور اگر گھر میں دعوت ہو تو، وہ بریانی کے بغیر مکمل نہیں ہوتی۔
لیکن بعض اوقات اتنی محنت کرنے کے بعد بھی بریانی میں کوئی نہ کوئی کمی رہ ہی جاتی ہے جیسے کہ چاولوں کا ٹوٹ جانا، دم پر مصالحے کا نیچے چپک جانا، دیگی بریانی جیسا ذائقہ اور رنگ نہیں آنا، وغیرہ وغیرہ۔
اسلیئے آج ہم آپ کو بریانی سے متعلق چند اہم ٹپس بتائیں گے، جن پر عمل کر کے آپ اپنی بریانی کو بہترین طریقے سے بنا سکتی ہیں۔
بریانی بناتے وقت کام آنے والی اہم ٹپس:
۔ بریانی بناتے وقت ہمیشہ باسمتی چاول کا استعمال کریں
۔ چاولوں کو بڑے پتیلے میں صرف 75 فیصد تک ابالنا ہے، کیونکہ زیادہ ابالنے سے وہ نرم ہوجائیں گے اور چھوٹے پتیلے میں پکانے سے وہ آپس میں چپک جائیں گے
۔ بریانی کے چاول پتیلے کے پیندے سے نہ چپکیں، اسکے لیئے آپ سالن کی تہہ لگانے سے پہلے ٹماٹر کے سلائس کرلیں اور اسکی تہہ بچھا دیں، اسکے بعد چاول اور سالن کی تہہ لگادیں
۔ بریانی کا دم کھولتے ہی اس میں فوراً چمچ نہ چلائیں، بلکہ 4 سے 5 منٹ انتطار کریں
۔ اسکے ساتھ ہی کوشش کریں کہ چمچ سے بریانی نکالنے کے بجائے چھوٹی پلیٹ سے نکالیں، اس سے چاول کم ٹوٹتے ہیں
۔ گھر میں بریانی بناتے وقت کیوڑہ ضرور شامل کریں اس سے خوشبو اور ذائقہ بڑھ جاتا ہے۔جبکہ دیگی بریانی بناتے وقت اس میں زعفران اور فوڈ کلر ضرور شامل کریں
۔ اگر آپ کو بریانی پھیکی لگے تو آپ دم دیتے وقت اوپر سے بریانی مصالحہ چھڑک دیں
۔ چاولوں کو ابالتے وقت بار بار چمچ مت چلائیں، اس سے وہ ٹوٹ جاتے ہیں
۔ کھلے کھلے چاول بنانے کیلیئے ابالتے وقت اس میں لیموں کا رس یا تھوڑا سا تیل شامل کردیں