خواتین مختلف قسم کی کچن ٹپس تو آزماتی رہتی ہیں ارو ہم بھی آپ کو ہفتے میں دو مرتبہ شیف اور ماہرین کی بتائی ہوئی لاجواب ٹپس بتاتے ہیں جن کو آپ لوگ پسند بھی کرتے ہیں۔ کچھ ایسی ہی خاص ٹپس آج بھی ہماری ویب میں آپ کو بتائی جا رہی ہیں تو ان کو آزمائیں اور اپنی رائے ہمیں فیس بک پیج پر کمنٹ سیکشن میں لازمی دیں۔
ٹپس:
بھنڈی کو پکانے کا طریقہ:
بھنڈی کو بناتے وقت اس میں لیموں کے رس کو نچوڑ دیں، اس سے بھنڈی میں زیادہ لیس بھی پیدا نہیں ہوگا اور نہ ہی اس کا رنگ کالا پڑے گا۔
سیب زرد نہ ہو:
کاٹنے کے بعد اگر تھوڑی دیر کے لئے آپ سیب کو رکھ دیں تو وہ زرد ہونے لگتا ہے اور کھانے میں بھی فریش نہیں رہتا، ایسے میں اگر آپ سیب کاٹنے کے بعد اس کو ایک پلیٹ میں رکھیں اور تھوڑی سی سفید کولڈرنک ڈال دیں تو سیب نہ تو زرد ہوگا اور نہ ہی اس کا ذائقہ خراب ہوگا۔
میکرونی:
اکثر لوگ میکرونی کو فریج میں رکھ دیتے ہیں اور جب گرم کرنے لگتے ہیں تو یہ جل جاتی ہے، یا جس برتن میں گرم کرتے ہیں اس کے پیندے میں چپک جاتی ہے، ایسا آپ بھی کرتے ہیں تو بس میکرونی ہو یا اسپیگھٹی اس کو گرم کرنے سے قبل اس میں تھوڑا سا دودھ ڈال دیں، یہ نہ تو جلے گی اور نہ ہی اس کی گریوی خشک ہوگی۔
آلو بُخارے:
بریانی میں ڈالنے کے لئے آلو بخارے تو ضرور لاتے ہوں گے اور لا کر فریج میں رکھ دیتے ہوں گے، یہ طریقہ صحیح ہے، مگر جس تھیلی میں آلو بخارا لاتے ہیں، اس کو فریج میں نہ کرھیں، بلکہ پہلے ہر آلو بخارے کو الگ الگ کریں اور اس کی صفائی کریں، پھر ایک دوسری صاف ستھری تھیلی لیں اور اس میں یہ آلو بخارے رکھ کر فریج میں رکھ دیں اس سے آلو بخارے اچھی طرح محفوظ رہیں گے اور ان میں کیڑہ نہیں لگے گا۔
سلاد پتے:
سلاد پتے فریج میں رکھتے تو سب ہی ہیں مگر یہ دو دن سے زیادہ محفوظ نہیں رہتے، کالے پڑنے لگتے ہیں، ایسے میں آپ ان کو ایک ٹشو پیپر میں کرھ کر فریج میں رکھیں، یہ کبھی خراب نہیں ہوں گے۔