بچپن میں آپ سب نے ہی چاک سے اپنے گھر کی دیواروں پر نقشے نگاری لازمی کی ہوگی اور بچیاں ٹیچر ٹیچر کھیلنے میں اسکا استعمال کرتی تھیں، اب بھی بچے ایسی شرارتیں کرتے ہیں لیکن پہلے کے مقابلے میں کم۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں چاک سے لکھنے کے علاوہ بھی آپ اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں؟ جی ہاں آج ہم بات کریں گے کہ آپ چاک کن کن کاموں میں استعمال کر سکتے ہیں۔
کیڑے مکوڑوں کو بھگانے کیلیئے:
کیڑے مکوڑے خاص کر چونٹیاں اگر کہیں ہوجائیں تو انکو بھگانا مشکل ہوجاتا ہے، اور اگر کہیں کھانے پینے کی چیز پڑی ہو تو یہ فوراً حملہ آور ہوجاتی ہیں۔ چونٹیوں کو چاک سخت نا پسند ہوتی ہے اسلیئے اگر آپ کچن کے دروازوں اور کھڑکیوں کے کنارے پر چاک سے لکیریں کھینچ دیں تو یہ اندر نہیں آئیں گی۔
کپڑوں پر لگے چکنائی کے داغ:
چاک چونکہ چونے سے بنتی ہے اسلیئے اس میں یہ صلاحیت موجود ہوتی ہے کہ وہ تیل، گھی یا چکنائی کو اپنے اندر جذب کرلے۔ کھانا کھاتے وقت اگر آپ کے کپڑوں پر تیل یا گھی کا داغ لگ جائے تو گھبرائیں نہیں بلکہ اس جگہ پر فوراً چاک رگڑ کر مل دیں اور 10 منٹ بعد اسے سرف سے دھولیں، چکنائی کا دھبّا نکل جائے گا۔
برتنوں اور جیولری کی چمک برقرار رکھنا:
آپ نے دیکھا ہوگا کہ اکثر میٹل کی جیولری رکھے رکھے بدرنگ ہوجاتی ہے اور اپنی اصل شکل کھو دیتی ہے، اسکے لیئے آپ کو کرنا یہ ہے کہ اپنے جیولری باکس میں ایک چاک رکھ دیں ایسا کرنے سے ڈبّے میں موجود نمی چاک چوس لے گی اور جیولری لمبے عرصے تک خراب نہیں ہو گی۔ یہی آپ دھاتی برتنوں کے ساتھ بھی کر سکتے ہیں۔
کپڑوں کی بو دور کرنا:
آپ نے دیکھا ہوگا جب گھر میں زیادہ کپڑے دھلتے ہیں تو ان کپڑوں کو رسی پر ایک کے اوپر ایک ڈال دیا جاتا ہے، جس کی وجہ سے کپڑوں پر ڈائریکٹ دھوپ یا ہوا نہیں لگتی اور کپڑوں میں ایک عجیب قسم کی بو بس جاتی ہے، ایسا ان گھروں میں بھی ہوتا ہے جہاں دھوپ اور ہوا آنے کا راستہ نہ ہو۔ کپڑوں میں بسی بو کو دور کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ جب آپ ان کپڑوں کو الماری میں رکھیں تو وہاں کچھ چاک کے ٹکڑے بھی لازمی رکھ دیں، چاک کپڑوں میں موجود نمی کو اپنے اندر جذب کرکے بو دور کر دے گی۔