چھٹی کا دن ہو یا موسم سہانا ہو تو ایسے میں بازار سے حلوہ پوری لا کر کھانے کا دل چاہتا ہے، لیکن بازاری کھانوں میں نہیں پتہ کہ کس معیار کی چیزیں استعمال ہورہی ہیں اور وہ کیا نقصان پہنچائیں گی۔ اسی لئے ہم بازار جیسے ذائقے کی حلوہ پوری اور ترکاری آپ کے لئے لے کر آئے ہیں کھائیں اور چھٹی کا لطف اٹھائیں۔
پوری :
میدہ آدھا کلو، تیل یا گھی 4 کھانے کے چمچ، نمک ایک چائے کا چمچ، مکس کر کے گوندھ لیں اور کم از کم ایک گھنٹہ ڈھانک کے رکھ دیں پھر پوریاں بنائیں۔بہترین پوریاں بنیں گی۔
آلو کی ترکاری :
ابلے ہوئے آلو آدھا کلو، ہلدی 1 چائے کا چمچ، ثابت لال مرچ 6 سے 7 توڑ کے ڈال دیں، میتھی دانہ آدھا چائے کا چمچ، کٹُا ہوا زیرہ 1 چائے کا چمچ، کلونجی 1 چائے کا چمچ، رائی 1 چائے کا چمچ، زردے کا رنگ 1 چٹکی، نمک 1 چائے کا چمچ یا حسب ذائقہ۔۔
تمام چیزوں کو ایک پتیلے میں ڈال دیں، آلو چھلکے سمیت ڈالیں(کچل لیں)،تمام مصالحے ڈال کر پکنے رکھ دیں۔ دو سے تین ٹیبل اسپون تیل ڈال دیں، جب سب چیزیں اچھی طرح پک جائیں تو 2 چائے کے چمچ کارن فلور پانی میں گھول کر ترکاری میں ڈال دیں۔
چنے کی ترکاری :
کابلی چنے آدھا کلو(ابلے ہوئے)، نمک حسب ضرورت، پسا ہوا دھنیا پاؤڈر 3 کھانے کے چمچ، کالی مرچ ڈیڑھ کھانے کا چمچ، تیل 2سے 3 کھانے کے چمچ
ایک پتیلے میں تیل ڈالیں اس میں دھنیا پاؤڈر ڈال کر بھون لیں ۔جب دھنیا کی خوشبوآنے لگے تو اس میں کالی مرچ ڈالیں اور پھر ابلے ہوئے چنے ڈال دیں اور پانی ڈال کر پکنے دیں،تھوڑے سے چنے میش کر کے ڈالیں،ایک چائے کا چمچ سوڈا ڈال دیں اور نمک ڈال کر تھوڑی دیر پکائیں لذیذ چنے کی ترکاری تیار ہے۔
سوجی کا حلوہ :
سوجی ایک پیالی، چینی 2 پیالی، پانی 3 پیالی، ہری الائچی 3 عدد،گھی آدھا پیالی
سوجی بھون لیں، چینی اور پانی کا شیرا بنالیں،سوجی بھن جائے تو اس میں یہ شیرا ڈال دیں اور خوب اچھی طرح مکس کریں کہ گٹھلیاں نہ بن جائیں،اب الائچی بھی ڈال دیں،جب پانی خشک ہونے لگے تو گھی ڈال کر بھون لیں۔ مزیدار سوجی کا حلوہ تیار ہے۔