لہسن چھیلنا ایک بہت مشکل مرحلہ ہے، اس کو چھیلنے کے لئے باقاعدہ پلاننگ کرنی پڑتی ہے، وقت نکالنا پڑتا ہے۔ تھوڑا سا لہسن چھیلنے میں ہی اچھا خاصا وقت لگ جاتا ہے۔ہم آپ کی اس مشکل کو سمجھتے ہوئے یہاں اس کا سادہ اور آسان حل لائے ہیں جس سے آپ کی توانائی اور وقت دونوں کی بچت ہو سکے گی۔
1۔ سب سے پہلے لہسن کو اس کے ڈنٹھل سے علیحدہ کرلیں اس کے جوے الگ الگ کر لیں، اب اس میں تھوڑا سا نمک، اور تھوڑا سا آٹا(گیہوں کا آٹا)جو گھر میں روٹی کے لئے استعمال ہوتا ہے، اسے مکس کریں اور اب اس کو چوپر میں ڈال کر 15 سے 20 سیکنڈ کے لئے چوپر چلا لیں۔ اب اس کا ڈھکنا کھول کر دیکھیں،آپ کے لہسن کے چھلکے الگ ہو گئے ہوں گے اورلہسن الگ ۔اب اس کو کسی پھیلے ہوئے تسلے میں ڈال کر پھٹک لیں ،دونوں چیزیں الگ الگ ہو جائیں گی۔
2۔ لہسن کو اس کے ڈنٹھل سے الگ الگ کر لیں، تمام جووں کو ایک برتن میں ڈال کر اس میں 2 چمچ نمک اور 2 چمچ آٹا ڈال دیں اور اچھی طرح مکس کر لیں۔ اب اس کو کسی کپڑے کے تھیلے میں ڈال کر اوپر سے اچھی طرح رگڑیں یا مسلیں۔ 2 سے 3 منٹ رگڑنے کے بعد اس تھیلے کو زمین پر یا سلیب پر پٹخیں۔4 سے 5 دفعہ یہ عمل کر کے اب تھیلا کھول کر دیکھیں آپ کے لہسن اور اس کے چھلکے علیحدہ علیحدہ ہو گئے ہوں گے۔ کسی پرات یا تسلے میں ڈال کر پھٹکیں۔ چھلکے الگ ہو جائیں گے اور لہسن الگ۔ اور آپ کا یہ مشکل کام باآسانی چند منٹوں میں مکمل ہو جائے گا۔