گرمی آتے ہی مارکیٹ میں کیریاں بھی آنا شروع ہوگئی ہیں، جو کہ سب کو ہی پسند ہوتی ہے۔ عام طور پر کیری کا اچار، چٹنی، مُرّبا یا پھر شربت ہمارے یہاں بنایا اور خریدا جاتا ہے۔ اکثر خواتین گھر میں اچار بنانے کے بجائے باہر سے منگو لیتی ہیں کیونکہ انہیں ایسا لگتا ہے کہ اسے بنانا بہت مشکل ہے۔
تو آئیے آج ہم آپ کو کیری کے اچار کی ایک آسان سی ترکیب بتاتے ہیں، جو کہ ایک مشہور شیف نے شئیر کی ہے۔
درکار اجزاء:
۔ کیری 1 کلو (کدوکش کرلیں)
۔ آدھا کپ تیل (سرسوں کا بھی استعمال کرسکتے ہیں)
۔ ایک بڑا لہسن (بیچ سے دو ٹکڑوں میں کاٹ لیں)
۔ میتھی دانہ 1 چائے کا چمچ
۔ سونف 1 چائے کا چمچ
۔ کلونجی 1 چائے کا چمچ
۔ کُٹا ہوا ثابت دھنیا 2 کھانے کے چمچ
۔ کُٹی ہوئی لال مرچ 2 کھانے کے چمچ
۔ کُٹی ہوئی رائی 2 کھانے کے چمچ
۔ کشمیری لال مرچ 2 کھانے کے چمچ
۔ پسا ہوا دھنیا 1 چمچ
۔ ہلدی 1 چمچ
۔ نمک 1 کھانے کا چمچ
اچار بنانے کا طریقہ:
۔ ایک پین میں تیل ڈال کر اسے اچھے سے گرم کرلیں (تھوڑا سا تیل بچا کے رکھ لیں)، پھر اس میں لہسن ڈال کر 1 سے منٹ فرائی کریں، اسکے بعد اس میں میتھی، سونف اور کلونجی شامل کر کے تھوڑی دیر پکائیں۔
۔ اب چولہا بند کردیں اور بچا ہوا تیل ڈال کر مکس کریں، پھر سارے مصالحے اس میں شامل کریں اور آخر میں کیری ڈال کر پوری طرح اچھے سے مکس کریں تا کہ کیری پر مصالحہ لگ جائے۔
۔ اسکے بعد اسے ٹھنڈا ہونے دیں، ٹھنڈا ہونے کے بعد اس میں سرکہ شامل کر کے مکس کریں، اور ایک صاف اور خشک کانچ کی بوتل یا برنی میں اچار کو بھردیں
۔ مزیدار اور چٹخارے دار کیری کا اچار تیار ہے، اس کے ذائقے کو مزید بڑھانے کیلیئے اسے تقریباً 2 دن بعد استعمال کریں۔