آج کل ہر دوسرا شخص گلے کی خراش اور کھانسی سے پریشان ہے. اس کی وجہ سرد موسم میں پھیلنے والے وائرل انفیکشن ہیں جو پہلے سے آلودگی کی وجہ سے حساس جسموں میں متحرک ہو کر انھیں بیمار کرڈالتے ہیں. اس لئے ہم ایک بار پھر کچھ سادہ اور گھریلو ٹوٹکے لے کر حاضر ہوئے ہیں جن سے یہ تکلیف آپ دور کرسکتے ہیں.
شہد ورم اور جراثیم کش ہوتا ہے. گھر میں شہد میں پسی کالی مرچ کا پاؤڈر بنا کر رکھ لیں اور اسے گلے کی تکلیف میں بار بار کھائیں. یہ جراثیم بھی مارے گا اور نگلنے میں بھی آسانی پیدا کرے گا.
گرین ٹی یا عام چائے میں ہلدی ملا کر پئیں. گرین ٹی میں شہد ملا کر پئیں. چائے میں ادرک، لونگ، چھوٹی الائچی اور دار چینی بھی ڈالیں.
ایک پیالی گرم پانی میں نمک اور بیکنگ سوڈا ملا کر دن میں کئی بار غرارے کریں.
لہسن اینٹی بائیوٹیک خصوصیات رکھتا ہے. ایک جوا لہسن چھیل کر 15 منٹ تک چبائیں یا اسے چوستے رہیں، پھر منہ سے باہر پھینک دیں۔ لہسن کو پیس کر اس میں شہد ملا کر کھانا بھی مفید ہے.