لال بیگ وہ ڈھیٹ کیڑا ہے جو کہ آسانی سے جان نہیں چھوڑتا، کتنی ہی دوائیں ڈال لیں لیکن یہ ختم نہیں ہوتے ،خواتین کے لئے یہ مصیبت بن جاتے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ مچھر بھی ہماری صحت کے لئے بھی نقصان دہ ہیں اور ماحول کے لئے بھی ،کیونکہ یہ سب گندگی کے کیڑے مکوڑے ہیں جو اپنے ساتھ ہزاروں جراثیم لے کر آتے ہیں۔ اپنے گھر کو بہتر طور پر صاف رکھنے کی عادات جیسے باقاعدگی سے کچرا باہر پھینکنا، ہر بار کھانے کے بعد برتن دھونا، ڈائننگ ٹیبل کو صاف رکھنے اور باورچی خانے میں نکاسی کی نالیوں کو اچھی طرح صاف رکھنا لال بیگ سے پیدا ہونیوالے جراثیم پر کنٹرول رکھ سکتی ہیں ان دونوں سے نجات کے لئے ایک بہت موثر اور مفید نسخہ ہے جس کے استعمال کے بعد یہ آپ کی جان چھوڑ دیں گے۔
سرکہ، شیمپو اور ویجیٹیبل آئل:
مچھر اور لال بیگ کے لئے آدھا کپ ویجیٹیبل آئل، آدھا کپ سرکہ، آدھا کپ شیمپو ملا کر یک جان کر لیں ۔جہاں مچھر زیادہ آتے ہوں یا جن جگہوں پر لال بیگ زیادہ ہوں وہاں صفائی کے بعد اس مکسچر کو اسپرے کریں۔ مچھر اور لال بیگ ایسے غائب ہوں گے جیسے کہ کبھی تھے ہی نہیں۔
گرم پانی اور سرکہ:
یہ ایک آسان اور سادہ طریقہ ہے جس کے لیے زیادہ چیزوں کی بھی ضرورت نہیں بس کچھ گرم پانی لیں، اس میں ایک حصہ سفید سرکے کو ملا کر اچھی مکس کریں۔
اس کے بعد متاثرہ جگہوں کو اچھی طرح اس سلوشن سے صاف کریں اور رات میں کچن کے ڈرین پائپ میں اسے انڈیل دیں، اس سے پائپس اور ڈرین کی صفائی ہوجائے گی جبکہ لال بیگ بھی کچن میں اکٹھا نہیں ہوں گے۔
گرم پانی، لیموں اور بیکنگ سوڈا:
ایک لیموں، 2 کھانے کے چمچ بیکنگ سوڈے کو ایک لیٹر گرم پانی میں ملا کر اچھی طرح مکس کریں اور سنک کے نیچے والے حصے کو اس سے صاف کریں یا ڈرین پائپ میں انڈیل دیں، اس سے کچن میں اس کیڑے کی افزائش رک جائے گی۔
بورک ایسڈ اور چینی :
یہ بھی ایک بہت موثر اور کام کرنے والا طریقہ ہے، بس کچھ مقدار میں بورک ایسڈ اور چینی کو مکس کریں اور ان جگہوں پر پھیلا دیں جہاں لال بیگ زیادہ نظر آتے ہوں۔ چینی ان کیڑوں کو اپنی جانب کھینچے گی جبکہ بورک ایسڈ ان کا خاتمہ کرے گا۔ لال بیگ گھر میں موجود کسی بھی قسم کی کھانے کی چیز سے متوجہ ہو جاتے ہیں اس لیے اپنے کھانے پکانے اور کھانا رکھنے کی جگہ کو خشک اور صاف ستھرا رکھیں۔
مکھن، چینی کی گولیاں :
اگر آپ کے گھر میں لال بیگ کی ایک بڑی فوج موجود ہے تو ان سے نجات پانے کا یہ آسان سا طریقہ استعمال کرکے دیکھیں‘ مکھن کے ایک چھوٹے چمچ میں ایک چمچ شکر، بورک ایسڈ، آٹا اور پانی ملائیں، اس آمیزے کو گوندھ لیں اور اس کی چھوٹی چھوٹی گولیاں بنالیں جہاں لال بیگ زیادہ نظر آتے ہیں وہاں یہ گولیاں رکھ دیں مثلاً سنک، باورچی خانے کی سلیب، اوون اور چولہے کے گرد وغیرہ ان بالز سے بہت ہی جلد لال بیگ کا خاتمہ ہو جائے گا۔
مالٹے کے چھلکے :
مالٹوں کی ترش مہک مچھروں بلکہ چیونٹیوں اور مکھیوں کو دور بھگاتی ہے، کیڑوں کو ترش مہک پسند نہیں ہوتی۔ اس نسخے کو آزمانے کے لیے مالٹے کے چھلکوں کو پیس لیں اور مچھروں سمیت کیڑوں سے متاثرہ جگہ پر چھڑک دیں۔ اگر مچھر کاٹ لے تو تازہ مالٹے کے چھلکے جلد پر رگڑنے سے جلن ختم اور نشان مدھم ہوجاتاہے۔
کافور :
کافور ایک عام ملنے والی چیز ہے اور مچھروں سے نجات کا ایک اچھا گھریلو ٹوٹکا بھی ثابت ہوتا ہے۔ کمرے کے تمام دروازے اور کھڑکیاں بند کریں اور کافور کو جلا کر آدھے گھنٹے کے لیے چھوڑ دیں۔ جب آپ کچھ وقت بعد کمرے میں آئیں گے تو ایک مچھر بھی وہاں نہیں ملے گا۔