بارشوں کے بعد جہاں ایک طرف گلی محلوں میں گندا پانی جمع ہوجاتا ہے وہیں دوسری طرف اسی گندگی سے مختلف حشرات بھی جنم لیتے ہیں جو کئی بیماریوں کی وجہ بنتے ہیں، ویسے تو سارے ہی کیڑے مکوڑے گھر میں گھس کر پریشان کرتے ہیں لیکن ان میں سب سے زیادہ نقصان پہنچانے والا کیڑا مچھر ہے، جو صرف کاٹتے ہی نہیں بلکہ ان میں سے کچھ تو جان لیوا بیماریوں میں بھی مبتلہ کردیتے ہیں جن میں، ڈینگی، ملیریا اور چکن گُنیا شامل ہے۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق مچھروں کے کاٹنے سے پھیلنے والی بیماریوں سے ہر سال پوری دنیا میں لگ بھگ دس لاکھ سے زائد افراد اپنی جان گنوا دیتے ہیں۔
ایک سروے کے مطابق مچھروں کی تعداد بڑھنے سے آج مچھر مار دوائیاں بنانے والی کمپنیوں کا بزنس پچیس ہزار کروڑ تک جا پہنچا ہے۔ پھر بھی کوئی دوائی ایسی نہیں بنی جو مکمل طور پر ان کا خاتمہ کرسکے، بلکہ ان دوائیوں، اسپرے اور کوئل کے دھوئیں کی وجہ سے انسان کو ضرور مسئلہ ہوتا ہے۔ اسلیئے آج ہم آپکو بتائیں گے تین ایسے آسان طریقے جن کے استعمال سے گھر میں آنے والے مچھروں سے چھٹکارہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔
مچھر مار تیل:
اسکے لیئے آپکو چاہیئے تیز پتا، نیم کا تیل اور کافور۔ سب سے پہلے سو ملی لیٹر نیم کے تیل میں ایک چمچ جلانے والی کافور کو پیس کر اسکا پاؤڈر شامل کریں پھر اس مکسچر کو ایک اسپرے بوتل میں ڈال دیں۔ اب دو سے تین تیز پتوں پر اس تیل کا اسپرے کرکے ان پتوں کو جلادیں، اسکے دھوئیں سے ایک منٹ کے اندر مچھر بھاگ جائیں گے۔ تیز پتے سے نکلنے والا دھواں رات میں ہمارے دماغ کو سکون دیتا ہے اسکے علاوہ اسٹریس دور کرکے سر درد میں بھی آرام دیتا ہے۔
دِیا جلانا:
نیم کے تیل اور کافور کے پاؤڈر سے بنائے ہوئے تیل کو ایک دِیئے میں ڈال کر اسے اپنے بستر کے پاس جلا کر رکھ دیں اس کے دھوئیں سے نکلنے والی کافور اور نیم کی خوشبو مچھروں کو آپ کے پاس نہیں آنے دیگی۔ اگر آپ کسی بڑی جگہ پر ہیں تو اسکے لیئے آئل بَرنر میں یہ دیا رکھ کر جلائیں۔ یہ برنر آسانی سے دکانوں پر یا پھر آن لائن مل جاتے ہیں۔
سفر کے دوران مچھروں سے بچنے کیلیئے:
جب بھی آپ کسی دور کے سفر پر جاتے ہیں اور راستے میں مچھر آپکو پریشان کرتے ہیں تو اسکے لیئے آپکو کرنا یہ ہے کہ نیم کا تیل، ناریل کا تیل، لانگ کا تیل، نیل گِری کا تیل اور پیپر منٹ آئل کو آپس میں ملا کر ایک تیل تیار کرلیں اور اسے ایک چھوٹی سی بوتل میں بھر کر اپنے پاس رکھیں اور باڈی آئنمنٹ کے طور پر استعمال کریں۔اس تیل کی اسڑونگ خوشبو سے مچھر آپکے آس پاس بھی نہیں آئیں گے۔