مغل بادشاہوں کے باورچی خانے سے نکل کر آج یہ ڈش پاکستان کے ہر باورچی میں اپنی جگہ کرچکی ہے، اور جب بات ہو بڑی عید کی تو بِنا نہاری کے بکرا عید ادھوری سمجھی جاتی ہے۔ اسی لیئے آج ہم لائے ہیں گھریلو مصالحوں سے تیار کردہ مزیدارنہاری کی ایسی ترکیب جسے کھا کر سب آپکی تعریف کریں گے۔
اجزاء:
:
سنڈ (سوکھی ادرک) پاؤڈر ایک چمچ، بادیان کے پھول دو عدد، سبز الائچی چار عدد، سونف ایک کھانے کا چمچ، ثابت دھنیا ایک کھانے کا چمچ، لانگ چار عدد، زیرہ ایک کھانے کا چمچ، تیز پتا، بڑی الائچی، جائفل اور دارچینی ایک ایک عدد، جاوتری دو ٹکڑے، پیپلی تین عدد، کالی مرچ دس سے بارہ عدد۔
ان تمام مصالحہ جات کو گرینڈر میں پیس کے پاؤڈر بنالیں، یہ مصالحہ ایک کلونہاری کیلیئے ہے۔ مصالحہ تیار ہونے کے بعد اس میں ایک چمچ لال مرچ، آدھا چمچ ہلدی اور نمک حسب ذائقہ شامل کرکے مکس کرلیں۔
بنانے کا طریقہ:
ایک ہانڈی میں تیل گرم کرکے اس میں ایک کلو بکرے کا گوشت اور ادرک لہسن کا پیسٹ دو کھانے کے چمچ ڈال کر تھوڑا بھونیں جب گوشت کا رنگ بدلنے لگے تو تیار شدہ مصالحہ اس میں شامل کریں اور مزید بھونیں جب اچھا بھون جائے تو اس میں پانی ڈال کر اس وقت تک کے لیئے چھوڑ دیں جب تک گوشت گل نہ جائے۔ چار سے پانچ چمچ آٹے کو گھول کےالگ سے رکھ لیں، گوشت گل جائے تو اس میں یہ آٹے کا مکسچر ڈال کر مسلسل چمچ سے ہلاتے رہیں جب اچھے سے پک جائے تو اسے چولہے سے اتار لیں۔
تڑکہ:
نہاری میں تڑکہ لگانے کے لیئے سب سے پہلے فرائی پین میں تیل گرم کریں پھر پیاز ڈال کر گولڈن براؤن کرلیں تڑکے میں اچھا لال رنگ لانے کے لیئے آپ اس میں لال کشمیری مرچ بھی شامل کرسکتے ہیں۔ تڑکہ لگانے کے بعد ہوگئی آپ کی مزیدار نہاری تیار۔ اب اسمیں اوپر سے ہرا دھنیا، ہری مرچ، ادرک اور لیموں ڈال کر گرما گرم تندور کی روٹی سے تناول فرمائیں۔