بازار سے سموسوں، پکوڑوں یا کچوریوں کے ساتھ کھٹی املی کی ذائقہ دار چٹنی ضروری لائی جاتی ہے کیونکہ اس کا ذائقہ کچھ زیادہ مزیدار لگتا ہے اور کھانے سے زبان کا ذائقہ دو بالا ہو جاتا ہے۔ اس چٹنی کو بازار والے کیسے بناتے ہیں؟ آئیے آج آپ کو بتاتے ہیں کھٹی میٹھی اور تیکھی سی املی کی چٹنی بنانے کی شاندار ریسیپی جس سے آپ بھی گھر میں وہ آسانی سے بنا سکیں۔
املی کی چٹنی بنانے کی ترکیب:
٭ پودینے کو دھو کر اس کے پتوں کو توڑ لیں۔
٭ لہسن کے 5 جوے چھیل لیں۔
٭ ایک پین میں 2 چمچ زیرہ، مٹھی بھر پودینے کے پتے، لہسن کے جوے اور 6 ہری مرچوں کو 4 سے 5 منٹ تک بھون لیں۔
٭ املی کو بھگو کر رکھ لیں اور اس کا پانی نہ پھینکیں۔
٭ اس پانی کو 20 منٹ تک ہلکی آنچ پر پکائیں۔
٭ اب پین میں بھونی گئی چیزوں کو سل بٹے پر پیس لیں۔
٭ املی کی گھٹلیوں کو الگ کرلیں اور پانی ٹھنڈا کرلیں۔
٭ اب املی کو پانی سمیت تھوڑا تھوڑا کرکے سل بٹے پر ڈالیں اور ساری چیزوں کو ایک ساتھ پیس لیں۔ لیکن اگر پیس نہیں سکتے تو بلینڈر میں ڈال دیں۔
٭ اب اس میں 1 چمچ چینی اور حسبِ ضرورت نمک، 1 چمچ ثابت اور آدھا چمچ کٹی ہوئی مرچیں ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کرلیں۔
٭ لیجیے بازار جیسی چٹنی بن کر تیار ہے اب اس کو کسی بھی کھانے کے ساتھ سروو کریں اور پائیں چٹ پٹا بازار جیسا ذائقہ گھر میں۔