گرمی میں کھانے سے زیادہ پینے کا دل چاہتا ہے ، ٹھنڈے میٹھے مشروبات دل کو تسکین پہنچاتے ہیں،گرمی سے نڈھال اور پسینے کے بے تحاشہ اخراج کی وجہ سے ہماری انرجی بھی ڈاؤن ہو جاتی ہے ایسے میں کیا ایسی چیز یا ایسا مشروب تیار کیا جائے جو بنانے میں بھی آسان ہو اور فوری توانائی بھی بحال کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔ ایسی ہی ایک مزیدار ریسیپی ہم یہاں آپ کے لئے لائے ہیں جو کہ بہت آسان ، بہت ریفریشنگ، اور بہت ذائقے دار ہے ۔آزمائش شرط ہے۔
ساگودانہ آدھا کپ
جیلی (سرخ اور سبز) آدھا آدھا پیکٹ
تخم بالنگا 2 کھانے کے چمچ
پانی 3 سے 4 کپ
دودھ 3 کپ
لال شربت ایک چوتھائی کپ
کنڈینسڈ ملک 2 سے 3 کھانے کے چمچ
اسٹرابیری اور بنانا جیلی بنا کر جما لیں۔ ایک برتن میں 3 کپ پانی لیں اس میں ساگودانہ ڈالیں اور ابلنے کے لئے رکھ دیں ۔ 10 سے 15 منٹ تک بوائل کریں جب اس کے دانوں کی سفیدی ختم ہوجائے تو اس کو کسی چھلنی سے چھان کر اس کا پانی الگ کر لیں اور اس کے دانے الگ۔ اب آدھی پیالی پانی میں تخم بالنگا بھگو دیں ۔ 5 سے 10 منٹ میں پھول جائے گا۔ ایک جگ میں دودھ ڈالیں اس میں لال شربت اور کنڈینسڈ ملک مکس کر کے شربت تیار کر لیں۔ اب ایک جگ میں خوب ساری برف ڈالیں اس پر جمائی ہوئی جیلی کو چھوٹے چھوٹے کیوبس میں کاٹ کر اس کے اوپر ڈالیں۔ اب اس کے اوپر ساگودانہ اور اس کے اوپر تخم بالنگا ڈالیں، اس کے بعد اس میں دودھ کا تیار شدہ شربت شامل کریں۔ مزیداراور ریفریشنگ ڈرنک تیار ہے۔ خود بھی مزے لیں اور مہمانوں کی بھی تواضع کریں۔