پنکھے گھر کی وہ ضروری الیکٹریکل اپلائنس ہیں جن کے بغیر رہنا آج کے دور میں تو ممکن نہیں ہے کیونکہ گرمی اس قدر بڑھ گئی کہ ناقابلِ برداشت ہے اور اب تو سردی کے موسم میں بھی پنکھے کی ضرورت زیادہ سے زیادہ ہوتی ہے۔ جس کی وجہ شاید نمی کا بالکل نہ ہونا یا خُشکی کے ذرات کا بڑھ جانا ہے۔ بہرحال پنکھے تو ہر گھر میں استعمال ہوتے ہیں۔ ان پر دھول مٹی بہت جلدی جم جاتی ہے اہے وہ چھت پر لگے ہوئے پنکھے ہوں یا پھر وال فین یا اسٹینڈ فین۔ صفائی کی ضرورت تو سب ہی کو ہوتی ہے۔
آپ نے اکثر دیکھا ہوگا کہ بازار سے استعمال شدہ پنکھےبھی ملتے ہیں کچھ تو گندے ہوتے ہیں لیکن کچھ پنکھے اتنے صاف ستھرے ہوتے ہیں کہ بالکل نئے جیسے لگتے ہیں۔ آئیے آج آپ کو بتاتے ہیں ان پنکھوں کو صاف کرنے کا وہ طریقہ جو بازار میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
پنکھے صاف کرنے کا طریقہ:
٭ سب سے پہلے پنکھوں کو خُشک کپڑے کی مدد سے صاف کرلیں۔ پھر ایک پیالے میں ایک چمچ مٹی کا تیل، سرف، برتن دھونے والا وم پاؤڈر، کالے نمک کا چُورا، کاسٹک پاؤڈر صرف آدھا چمچ اچھی طرح مکس کریں اور اس میں تھوڑا سا مزید پانی شامل کرکے اس مائع کو کپڑے یا تولیے کی مدد سے پنکھے پر پھیریں اور ساتھ ساتھ صاف کپڑا پھیرتے رہیں۔ اس طرح 5 سے 10 منٹ میں پنکھے کی گندگی صاف ہوتی نظر آئے گی اور اگر پھر بھی نشانات صاف نہ ہوں تو مزید اس کو اسی طریقے سے صاف کریں۔ یوں آپ کا پرانا پنکھا بھی نئے کی طرح چمکتا ہوا نظر آئے گا۔