اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے اعلان کیا ہے کہ انٹرمیڈیٹ کامرس ریگولر گروپ کے ضمنی امتحانات برائے 2019ء کے اسکروٹنی فارم بروز جمعرات 5 مارچ سے بروز پیر 6 اپریل 2020ء تک وصول کیے جائیں گے۔ بورڈ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اسکروٹنی کروانے کے خواہشمند طلباء اپنے اسکروٹنی فارم درج بالا تاریخوں میں بورڈ آفس میں واقع UBL اور JS بینک کے بوتھ میں جمع کرواسکتے ہیں ۔اس کے علاوہ طلباء کراچی میں UBL اور JS بینک کی کسی بھی برانچ میں فیس جمع کرواکر اسکروٹنی فارم بورڈ آفس میں جمع کرواسکتے ہیں۔ طلباء اسکروٹنی فارم اور فیس واؤچر انٹربورڈ کی ویب سائٹ www.biek.edu.pk سے ڈاؤن لوڈ کر کے UBL کی کسی بھی برانچ میں اکاؤنٹ نمبر UBL-CMA-252536591 میں یا JSبینک کی کسی بھی برانچ میں اکاؤنٹ نمبر 0001516113 میں فی پرچہ 400 روپے اور ڈاؤن لوڈ فارم کی 50روپے فیس جمع کرواسکتے ہیں جبکہ جمع کرائی گئی فیس کا واؤچر اور اپنا فارم بورڈ کے متعلقہ سیکشن میں جمع کروائیں گے۔ تاریخ گزرنے کے بعد کوئی فارم قبول نہیں کیا جائے گا۔علاوہ ازیں کامرس ریگولر گروپ کے ریگولر طلباء کی مارکس شیٹ متعلقہ کالجوں میں بھیج دی گئی ہیں ،طلباء اپنے کالجوں سے اپنی مارکس شیٹ حاصل کرسکتے ہیں۔