اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے سندھ کے تعلیمی بورڈز کے سربراہوں پر مشتمل کمیٹی سندھ بورڈ کمیٹی آف چیئرمین کی جانب سے آخری موقع ختم ہونے والے انٹر کے امیدواروں کو امتحانات میں شرکت کیلئے مزید موقع دینے کے فیصلے کی روشنی میں رواں سال 2020ء میں بھی تمام گروپس سائنس پری انجینئرنگ، پری میڈیکل، سائنس جنرل ، کامرس ریگولر، کامرس پرائیویٹ، آرٹس ریگولر ،آرٹس پرائیویٹ ،ہوم اکنامکس اور میڈیکل ٹیکنالوجی گروپس کے ایسے ناکام امیدواروں کو خصوصی فیس کے ساتھ 2020ء کے سالانہ امتحانات میں شرکت کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے جن کے پاس امتحانات دینے کا آخری موقع 2008ء سے 2019ء کے درمیان ختم ہوگیا تھا۔ ایسے امیدوار اپنے امتحانی فارم متعلقہ سیکشن اور کسی گورنمنٹ کالج کے پرنسپل یا 17گریڈ یا زیادہ کے گورنمنٹ افسر سے ضروری تصدیق کے بعد بروز پیر 9مارچ سے بروز جمعرات 26 مارچ 2020ء تک 6000 روپے امتحانی فیس کے ساتھ بورڈ آفس میں واقع UBL یا JS بینک بوتھ میں جمع کرواسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ امیدوار امتحانی فیس 6000 روپے کراچی میں UBL کی کسی بھی برانچ میں اکاؤنٹ نمبر UBL-CMA-252536591 میں یا JS بینک کی کسی بھی برانچ میں اکاؤنٹ نمبر 0001516113 میں جمع کرواسکتے ہیں، جبکہ جمع کرائی گئی فیس کا واؤچر اور اپنا امتحانی فارم شیڈول کے مطابق دی گئی تاریخوں میں بورڈ آفس میں جمع کروانے کے پابند ہوں گے بصورت دیگر ان کا فارم قبول نہیں کیا جائے گا اور فیس بھی ناقابل واپسی ہوگی،طلباء اسپیشل چانس کا پروفارما اور فیس واؤچر بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ [email protected] سے بھی ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔ انٹربورڈ نے ایسے تمام امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ امتحانی فارمز کے ساتھ پروفارما آف آئی ٹی سیکشن، انٹرمیڈیٹ کی اوریجنل مارکس شیٹ ، جس سال آخری موقع ختم ہوا اس کے ایڈمٹ کارڈ کی فوٹو کاپی، انرولمنٹ / رجسٹریشن کارڈ کی فوٹو کاپی، میٹرک کے سرٹیفکیٹ اور مارکس شیٹ کی فوٹو کاپی لگانا ضروری ہے۔