گزشتہ روز لاہور قذافی اسٹیڈیم میں پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے مابین میچ کھیلا گیا جو سنسنی خیز مقابلے کے بعد قلندرز نے جیت لیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور قلندرز کے کھلاڑی دلبر حسین کو ضابطہ اخلاق کی شق 2.5 کی خلاف ورزی کرنے پر میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ ضابطہ اخلاق میں شامل یہ شق بلے باز کو آؤٹ کرنے کے بعد نامناسب زبان، اشارے یا ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے اشتعال دلانے سے متعلق ہے۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب دلبر حسین نے پشاور زلمی کے سیٹ بیٹسمین حیدر علی کو آؤٹ کیا۔
تاہم اس دوران سلو اوور ریٹ کے باعث پشاور زلمی پر بھی جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ پہلی بار ایسا ہونے پر پشاور زلمی کی پلیئنگ الیون میں شامل تمام کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
واضح رہے اگر پشاور زلمی کی ٹیم دوسری مرتبہ بھی ایسا کرے گی تو اس پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد ہو گا۔