کراچی: پاکستان اور سری لنکا کی خواتین ٹیموں کے درمیان سیریزکا دوسرا میچ آج کھیلا جائیگا، قومی ٹیم نے جیت کیلئے حکمت عملی تیار کرلی۔
شیڈول کے مطابق 28مئی کو تیسرا میچ کھیلا جائیگا، یہ میچز دوپہر 2 بجے شروع ہوں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے آئی لینڈرز کو پہلے میچ میں 6 وکٹوں سے شکست سے دوچار کردیا تھا۔
کراچی میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 106 رنز بنائے۔
ہرشیتھا مداوی اور نیلاکشی ڈی سلوا 25،25 ، انوشکا سنجیوانی 16 اور اما کنچانا 12 رنز بناکر نمایاں رہیں اور کوئی کھلاڑی ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہوسکی۔
پاکستان کی جانب سے پہلا میچ کھیلنے والی طوبیٰ حسن نے صرف 8 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ انعم امین نے 21 رنز کے عوض 3 اور ایمن انور نے 32 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں پاکستان ٹیم نے مقررہ ہدف باآسانی 18.4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ندا ڈار 36 رنز بناکر ناقابل شکست رہیں جبکہ عائشہ نسیم ایک رن بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔
کپتان بسمہ معروف نے 28 ، منیبہ علی اور ارم جاوید نے 18،18 رنز بنائے تاہم گل فیروزہ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئیں۔ طوبیٰ حسن کو شاندار باؤلنگ پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔