دوسرا ون ڈے: کیا پاکستانی شاہین آج کالی آندھی کو قابو کر پائیں گے؟

image

ملتان: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ آج کھیلا جائیگا، قومی ٹیم فتح کے ساتھ سیریز میں فیصلہ کن برتری کیلئے پرعزم ہے۔

ملتان کی گرمی کھلاڑیوں کو شدید مشکل میں ڈالے ہوئے ہے تاہم قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ گرمی ایک عنصر ضرور ہے مگر کوئی بہانہ نہیں کیونکہ کسی بھی سیریز کیلئے ہم اپنی تیاریاں مکمل کر کے آتے ہیں اور گرمی سے مقابلے کی تیاری بھی کر رکھی تھی۔

بابر اعظم کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس سے بھی زیادہ سخت کنڈیشنز میں کرکٹ کھیلی ہے لہٰذا انہیں اس جانب دیکھنے کے بجائے سیریز کی فتح پر توجہ دینی ہے۔

اس سے قبل پہلے میچ میں پاکستان ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو5 وکٹوں سے شکست دے دی تھی،کپتان بابر اعظم کے 103 اور امام الحق کے 65 رنز کی بدولت ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے 306 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر چار گیندیں قبل پورا کرلیا تھا۔

ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر جیت کیلئے شاہینوں کو 306 رنز کا بڑا ہدف دیا تھا جس میں ویسٹ انڈین اوپنر شائے ہوپ کے 127 رنز بھی شامل ہیں۔

کپتان بابر اعظم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 103 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور آخر میں خوشدل شاہ نے 23 گیندوں پر 41 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی تھی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US