پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے اعظم خان نے اپنی دھواں دھار بیٹنگ سے تنقید کرنے والوں کو بھرپور جواب دیا ہے، بنگلہ دیش میں لیگ کھیلنے کے بعد اعظم خان نے پی ایس ایل کے مقابلوں میں بھی شاندار پرفارمنس کا سلسلہ جاری رکھا ہے اور اس کے ساتھ ان کے گانے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر بہت وائرل ہورہی ہے۔
پاور ہٹر کے طور پر مشہور اعظم خان پاکستان کے سابق کپتان معین خان کے صاحبزادے ہیں، انہوں نے جولائی 2021 میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا۔
ویسٹ انڈیز کے کرس گیل کو اپنا بیٹنگ رول ماڈل ماننے والے اعظم خان کو قومی ٹیم میں شمولیت پر اپنی بھاری بھرکم جسامت اور والد کی وجہ سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
اعظم خان نے تنقید کا جواب اپنی پرفارمنس سے دیا اور بنگلہ دیش میں لیگ میں شاندار کھیل کے بعد پی ایس ایل میں بھی مخالفین کے چھکے چھڑائے۔
اعظم خان کرکٹ کے علاوہ گانے کا بھی شوق رکھتے ہیں، میچ کے بعد زینب عباس اور ثنا میر نے اعظم خان کو اسٹوڈیو میں بلایا اور ان سے عاطف اسلم کا اب تو عادت سی ہے مجھ کو ایسے جینے میں، سنا۔
چند ماہ قبل اعظم خان اور سرفراز احمد کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں اعظم خان گٹار بجارہے تھے اور سرفراز احمد گانا گارہے تھے۔