قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر جو اپنی دھواں دار باؤلنگ کی وجہ سے پوری دنیا میں جانے اور چاہے جاتے ہیں، نے پہلی بار کراچی سے اپنی محبت کا اظہار کردیا۔
راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے حال ہی میں معروف یوٹیوبر نادر علی کے پوڈ کاسٹ شو میں بطور مہمان شرکت کی تھی، جہاں انہوں نے کافی ساری باتوں کے درمیان کراچی والوں سے ان کی محبت اور وابستگی کے بارے میں بھی بتایا۔
ان کا کہنا تھا کہ، "مہاجروں کا ان پر بہت احسان ہے، اگر میں کراچی کیلئے کچھ کرسکا تو جان حاضر کردونگا۔"
شعیب اختر نے اپنے ماضی میں ہونے والے کراچی کے دوروں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ، " میں جب بھی کرکٹ کھیلنے کیلئے کراچی آتا تھا تو وہاں کے دوستوں نے میری خوب مہمان نوازی کی، میں کراچی کے تقریباً ہر علاقے میں کھیلا اور جب حالات خراب ہوتے تھے تو میرے دوست مجھے باحفاظت لیکر آتے اور چھوڑنے جاتے تھے۔"
انہوں نے کہا کہ، میں ناظم آباد، لالو کھیت، 10 نمبر، سہراب گوٹھ اور الکرم اسکوائر جیسے علاقوں میں رہا، جہاں دوستوں نے مجھے اردو سیکھائی، کیونکہ کراچی میں رہنے کے لیئے ان کی زبان میں بات کرنا بہت ضروری ہے۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ، "مہاجروں کا ان پر بہت احسان ہے، اگر میں کراچی کیلئے کچھ کرسکا تو جان حاضر کردونگا۔ پنجاب میں ٹیلنٹ موجود ہے لیکن کراچی میں پروفشنل مینجنگ نوجوان ہیں، وہی ٹیلنٹ کو مینج کرسکتے ہیں، اگر ملک میں دونوں ملکر ساتھ چلیں تو پاکستان کو ترقی کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔"
فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ، "مہمان نوازی میں سندھیوں کی کوئی مثال نہیں جبکہ پختون کھانے مجھے بےحد پسند ہیں۔"