انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ایشز سیریز ہمیشہ کانٹے دار رہی ہے اور اس سیریز کے دوران دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں میں تنازعات بھی عام ہیں تاہم جاری سیریز کے دوران جونی بیئرسٹو کے متنازعہ آؤٹ پر آسٹریلوی اخبار نے بین اسٹوکس کا کارٹون بناکر طنزیہ ہیڈلائن چھاپ دی جس پر انگلش کپتان نے بھی منہ توڑ جواب دیا۔
لارڈز ٹیسٹ کے پانچویں روز آسٹریلوی وکٹ کیپر ایلکس کیری نے انگلش کھلاڑی جونی بیئرسٹو کو متنازع طریقے سے رن آوٹ کردیا تھا۔ کھانے کے وقفے کے دوران انگلش شائقین نے آسٹریلین کھلاڑیوں کے خلاف نعرے بازی بھی کی تھی۔
انگلینڈ اور آسٹریلیا کا میڈیا بھی جونی بیئرسٹو کے متنازع رن آؤٹ کے واقعہ کے بعد آمنے سامنے آگیا ہے، آسٹریلوی اخبار نے انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس کے منہ میں چوسنی اور ڈائپرکے ساتھ تصویر لگا کر ’کرائی بے بیز‘ کی ہیڈلائن لگائی جس کا انگلش ٹیم کے کپتان نے بھی کرارا جواب دیا۔
بین اسٹوکس نے لکھا کہ ’میں یہ بالکل نہیں ہوں میں نے کب نئی گیند سے بولنگ کی ہے‘۔انگلش کپتان کے جواب کے بعد انگلینڈ ٹیم کے سپورٹرز نے بھی آسٹریلوی اخبار کو نشانے پر رکھ لیا ہے۔