پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار فاسٹ باؤلر اور پنجاب کے نگراں مشیر کھیل وہاب ریاض نے پاکستان کے سب سے تیز ترین کپتان کے حوالے سے اپنا انتخاب بتادیا ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں وہاب ریاض نے بہترین کپتان کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کیا۔
شعیب ملک، شاہد آفریدی، مصباح الحق اور سرفراز احمد میں سے کسی ایک کو منتخب کرنے کے لیے کہا گیا تو وہاب ریاض نے سرفراز احمد کو تیز ترین کپتان قرار دیا۔
وہاب ریاض نے اعتراف کیا کہ وہ شعیب ملک، شاہد آفریدی، مصباح الحق اور سرفراز احمد کی کپتانی میں کھیلے۔ انہوں نے بطور کپتان سرفراز کی نفاست کی تعریف کی اور مصباح الحق کو سب سے زیادہ سمجھدار قرار دیا۔ وہاب کے مطابق شعیب ملک اور شاہد آفریدی نے ہمیشہ کھلاڑیوں کا ساتھ دیا۔
موجودہ کپتان بابر اعظم کی قائدانہ صلاحیتوں کے بارے میں پوچھے جانے پر وہاب ریاض نے بتایا کہ وہ بابر کی کپتانی میں بہت کم کھیلے ہیں۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ بابر اعظم اس وقت سیکھنے کے مرحلے میں تھے تاہم وہاب نے اس بات پر زور دیا کہ اگر انہیں کسی کی درجہ بندی کرنی ہے تو سرفراز احمد ان بہترین کپتانوں میں سے ایک ہیں جن کے ساتھ وہ کھیل چکے ہیں۔
سرفراز احمد کا شمار پاکستان کے کامیاب ترین کپتانوں میں ہوتا ہے، جنہوں نے آئی سی سی کے دو ٹورنامنٹس میں ٹیم کو فتح دلائی، چیمپئنز ٹرافی اور انڈر 19 ورلڈ کپ اور لگاتار 11 T20I سیریز میں فتوحات حاصل کیں۔